سعودی عرب: وزیٹر کے اوور اسٹے کی اطلاع نہ دینے پر بھاری جرمانہ اور قید کی سزا

ریاض: سعودی پبلک سکیورٹی نے وزٹ ویزے کی میعاد ختم ہونے پر وزیٹر کے اوور اسٹے کی اطلاع نہ دینے پر 50 ہزار ریال تک جرمانے اور چھ ماہ تک قید کی سزا کا انتباہ دیا ہے۔ پبلک سکیورٹی کے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ میں شہریوں اور رہائشیوں پر زور دیا گیا کہ وہ اپنی مدت سے زیادہ قیام کرنے والے وزٹ ویزا ہولڈرز کے بارے میں اطلاع دیں۔

بیان میں کہا گیا کہ اس خلاف ورزی پر سخت قانونی سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اگر خلاف ورزی کرنے والا مقیم غیر ملکی ہو اور وہ وزیٹرز کے اوور اسٹے کی رپورٹ نہ کرے تو اسے مملکت سے بے دخلی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب : شادی تقریب میں سونے کے بسکٹوں کی تقسیم، ویڈیو وائرل

علاوہ ازیں، سعودی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ کے حالیہ اعداد و شمار کے مطابق انتظامی کمیٹیوں کے ذریعے ماہِ رجب کے دوران اقامہ، ملازمت اور سرحدی امن قوانین کی خلاف ورزی پر 19 ہزار 559 فیصلے جاری کیے گئے۔ ان خلاف ورزیوں پر قید، جرمانے اور بے دخلی کی سزائیں شامل ہیں۔ مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ان قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو ٹرانسپورٹ، روزگار، رہائش یا کسی بھی قسم کے تعاون اور پردہ پوشی سے گریز کریں۔

Scroll to Top