مظفرآباد:پی ٹی آئی کے سابق ٹکٹ ہولڈر، سابق مشیر حکومت سردار تبارک علی نے مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا ہے اور کارکنوں نے ان کے حق میں فیصلہ سنا دیا ہے اور وہ 12 فروری کو اسلام آباد میں مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کا اعلان کرینگے۔
سابق صدراتی مشیر سردار تبارک علی کی رہائش گاہ پر اہم مشاورتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں حلقہ کوٹلہ سے تعلق رکھنے والے سیاسی کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور سردار تبارک علی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تعاون اور ساتھ دینے کا اعلان کیا۔
یہ بھی پڑھیں: نوازشریف کی مداخلت پرن لیگ گلگت بلتستان میں گروپ بندی ختم ،ناراض رہنما بغل گیر ہوگئے
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سردار تبارک علی نے کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت اور علاقائی ترقی ہی ان کی سیاست کا محور ہے۔
انہوں نے کہا کہ کارکنان کی محنت، اتحاد اور اعتماد ہی کسی بھی تحریک کی اصل طاقت ہوتے ہیںاور حلقہ کوٹلہ کے عوام نے ہمیشہ حق اور سچ کا ساتھ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری نورین عارف سے مشاورت ہوئی ہے اور ٹکٹ کا فیصلہ پارلیمانی بورڈ کریگاجو فیصلہ پارلیمانی بورڈ کریگا ہمیں قبول ہوگا اور انہیں بھی قبول کرنا ہوگا۔
مشاورتی اجلاس میں کارکنوں نے بھرپور شرکت کی اور سردار تبارک علی کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اجلاس کے اختتام پر آئندہ لائحہ عمل، عوامی مسائل کے حل اور تنظیمی معاملات پر بھی تفصیلی مشاورت کی گئی جبکہ کارکنان نے ہر مشکل گھڑی میں سردار تبارک علی کے شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔
ادھر مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر انجینئر راجہ فراز عارف نے کہا ہے کہ سابق مشیر حکومت سردار تبارک ،ڈسٹرکٹ کونسلرز /لوکل کونسلرز اور ان کی برادری و نظریے سے وابستہ تمام ساتھیوں کا پاکستان مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان نظریاتی وابستگی اور عوامی خدمت کے سفر کو درست سمت دینے کا عزم ہے۔
ہم انہیں دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں اور اس فیصلے کو حلقے کے عوام کے لیے ایک مثبت پیش رفت سمجھتے ہیں۔
ایک سنجیدہ اور تجربہ کار رہنما کا پاکستان مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم پر آنا اس بات کا ثبوت ہے کہ عوامی خدمت کی سیاست ہی اصل راستہ ہے۔ یہ شمولیت نہ صرف جماعت کو مضبوط کرے گی بلکہ اُن کارکنان کے حوصلے بھی بلند کرے گی جو نظریے اور قیادت پر یقین رکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کی بڑی وکٹ اڑ گئی، چوہدری رزاق ساتھیوں سمیت ن لیگ میں شامل
یاد رہے کہ سابق انتخابات میں پی ٹی آئی نے سردار تبارک کو ٹکٹ جاری کرنے کے بعد ان سے واپس لے کر میرعتیق الرحمان کو دیا تھا لیکن وہ بھی کامیاب نہیں ہوسکے تھے جس پر سردار تبارک قیادت سے ناراض تھے۔
سردار تبارک مسلم لیگ (ن)میں شمولیت ٹکٹ کیلئے کرہے ہیں لیکن سابق وزیرحکومت نورین عارف کے فرزید فراز عارف کی صورت میں مشکلات درپیش آسکتی ہیں۔




