میرپور(کشمیر ڈیجیٹل)قومی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رانا قاسم نون نے میرپور آزاد کشمیر میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسئلہ کشمیر ماضی کا قصہ ہے اور نہ کسی فائل میں بند ہونے والا معاملہ بلکہ یہ آج بھی پاکستان کی خارجہ پالیسی، قومی سلامتی اور کشمیری عوام کی جدوجہد کا زندہ اور متحرک محور ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سول و ملٹری قیادت ایک پیج پر ہے، کشمیری عوام کی آواز دبائی نہیں جا سکتی اور کشمیر کا مستقبل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق طے ہو کر رہے گا ۔
چیئرمین قومی کشمیر کمیٹی نے کشمیر پریس کلب میرپور میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران سابقہ حکومتوں پر تنقید کی کہ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو سرد خانے میں ڈالے رکھا ۔
تاہم موجودہ حالات میں پاکستان کی سول اور عسکری قیادت اس قومی مسئلے پر مکمل ہم آہنگی کے ساتھ ایک پیج پر کھڑی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر ہر لحاظ سے پاکستان کا حصہ ہے اور رہے گا اور کشمیری عوام آج بھی سید علی گیلانی مرحوم کے الفاظ ’’ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے ‘‘کو اپنی جدوجہد کا نعرہ بنائے ہوئے ہیں ۔
رانا قاسم نون نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی توجہ ایک بار پھر مسئلہ کشمیر کی جانب مبذول کروانا چاہتا ہے، کیونکہ یہ ایک تسلیم شدہ بین الاقوامی تنازعہ ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عہد کرتے ہیں کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوا کر رہیں گے، رانا قاسم نون
انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ اقوام متحدہ میں حقِ خودارادیت کی تحریک موجود ہونے کے باوجود کشمیری عوام کو یہ بنیادی حق نہیں دیا جا رہا، جبکہ دنیا کے کئی دیگر خطوں میں یہی حق استعمال کروایا جا چکا ہے ۔ ان کے مطابق کشمیر میں حقِ خودارادیت کو اس لیے دبایا جا رہا ہے کہ یہاں اکثریت مسلمانوں کی ہے ۔
کشمیر کمیٹی کےچیئرمین نے 2019 کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم میں شدید اضافے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ لاکھوں مزید بھارتی فوجی تعینات کیے گئے، صحافیوں کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرنے سے روکا جا رہا ہے ۔
کشمیری عوام کو منظم انداز میں خاموش کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی شناخت، تاریخ اور تہذیب مٹانا چاہتا ہے، مگر ہزاروں سال پرانی کشمیر کی تاریخ کو ختم کرنا کسی صورت ممکن نہیں ۔
رانا قاسم نون نے غزہ اور کشمیر کی صورتحال کا تقابلی جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ دونوں خطوں میں ظلم و جبر کا ایجنڈا ایک جیسا ہے، جہاں انسانیت کی تذلیل کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے اور یہ رشتہ لازوال ہے، جس کی مثال پاکستان کی وہ قربانیاں بھی ہیں جو کشمیر کیلئے دی گئیں ۔
انہوں نے صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری مرحوم کی کشمیر کاز کیلئے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ حکومت پاکستان کی مسئلہ کشمیر پر واضح کمٹمنٹ موجود ہے ۔ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے کشمیری مہاجرین کیلئے کیے گئے اعلانات، منگلا ڈیم اپ ریزنگ پراجیکٹ اور ذیلی متاثرین کے مسائل کے جلد حل، نیز بیرون ملک مقیم لاکھوں کشمیریوں کے پیشِ نظر میرپور میں ایئرپورٹ کی جلد تعمیر کے اعلانات کو بھی خوش آئند قرار دیا گیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مسئلہ کشمیر عالمی تنازعہ،بھارت کی کوئی بھی یکطرفہ تبدیلی قبول نہیں، رانا قاسم نون
رانا قاسم نون نے اعتماد کا اظہار کیا کہ کشمیر جلد اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق پاکستان کا حصہ بنے گا، کیونکہ پاکستان اور کشمیری عوام کا رشتہ تاریخ، قربانی اور مشترکہ جدوجہد سے جڑا ہوا ہے، جسے کوئی طاقت کمزور نہیں کر سکتی ۔




