اسلام آباد میں ہونے والے واقعے پر دلی دکھ ہوا ہے : محمد رضوان

قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر اور وکٹ کیپر محمد رضوان نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ  و افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں محمد رضوان نے کہا کہ اسلام آباد میں ہوئے اس افسوسناک واقعے میں معصوم جانوں کے ضیاع پر دل انتہائی رنجیدہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس المناک گھڑی میں ان کی تمام ہمدردیاں اور دعائیں شہداء کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں ۔

محمد رضوان نے مزید کہا کہ ہمارا پیارا وطن اور اس کے عوام پہلے ہی بے پناہ دکھ اور آزمائشوں سے گزر چکے ہیں، اور یہ سانحہ ایک گہرا زخم ہے، تاہم پاکستان اور اس کے بہادر عوام ہمیشہ ثابت قدم اور سربلند رہے ہیں ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہماری ارضِ پاک کی حفاظت فرمائے اور عوام کو امن، صبر اور طاقت عطا کرے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بابر اعظم کی نیدرلینڈزکیخلاف سست بیٹنگ، شائقین کرکٹ نے تنقید کا نشانہ بنایا

خیال رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مضافاتی علاقے ترلائی جامع مسجد اور امام بارگاہ کے اندر گزشتہ روز خودکش دھماکے میں 33 افراد شہید اور 170 سے زائد زخمی ہوئے تھے ۔

واقعے کے مطابق حملہ نماز جمعہ کے دوران ہوا۔ حملہ آور مسجد میں داخلے سے روکنے پر گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش کر رہا تھا ۔

رضاکاروں کی فائرنگ سے دہشت گرد کو رکاوٹ کا سامنا ہوا اور وہ گر پڑا، تاہم اس کے ساتھی نے فائرنگ کی جس کے بعد حملہ آور دوبارہ کھڑا ہوا اور گیٹ سے مسجد کے صحن میں داخل ہو گیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:قومی کرکٹر محمد رضوان نے ون ڈے کرکٹ میں اہم سنگ میل عبور کرلیا

عینی شاہدین کے مطابق، پہلا دھماکا پہلی رکعت کے سجدے کے دوران ہوا جبکہ ایک حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب رہا ۔

Scroll to Top