اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل)ہورنہ میرہ کیلئے ایک اور اعزاز حاصل ہوا ہے ۔ سینئر معلم (ریٹائرڈ) سردار ممتاز خان کے صاحبزادے ڈاکٹر حمزہ ممتاز نے پولینڈ کی معروف جامعہ سیلیزین یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (SUT) کی فیکلٹی آف انوائرنمنٹل اینڈ انرجی انجینئرنگ سے کامیابی کیساتھ پی ایچ ڈی کا دفاع کرتے ہوئے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کر لی۔
ڈاکٹر حمزہ ممتاز نے اس یادگار کامیابی کو اپنے اہلِ خانہ، بہنوں اور بالخصوص اپنے والدین کے نام منسوب کیا اور ان کی مسلسل رہنمائی، دعاؤں اور حوصلہ افزائی کو اپنی کامیابی کا اہم سبب قرار دیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ والدین کی قربانیاں اور اساتذہ کی رہنمائی کے بغیر یہ مقام حاصل کرنا ناممکن تھا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد کی طالبہ رامین حسن کو سعودی عرب میں عالمی اعزازسے نوازا گیا
دورانِ پی ایچ ڈی ڈاکٹر حمزہ ممتاز نے تحقیقی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔ انہوں نے 13 سائنسی تحقیقی مقالہ جات تحریر اور شریکِ تحریر کیے جو مختلف بین الاقوامی جرائد میں شائع ہوئے ۔ اس کے علاوہ انہوں نے 10 قومی و بین الاقوامی کانفرنسز اور سمر اسکولز میں شرکت کر کے اپنے تحقیقی کام کو عالمی سطح پر پیش کیا۔
ان کی اعلیٰ تعلیمی کارکردگی کے اعتراف میں انہیں مسلسل تین سال IDUB پروگرام کے تحت بہترین طلبہ میں شامل کیا گیا۔ تحقیقی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر حمزہ ممتاز نے بین الاقوامی طلبہ کی فلاح و بہبود کیلئے رضاکارانہ خدمات بھی انجام دیں اور مختلف سماجی و تعلیمی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ہونہار طالبہ ابیحہ سجاد کا ایک اور بڑا اعزاز،بیسٹ ایتھیلیٹ قرار
مزید برآں وہ SUT پوڈکاسٹ میں بطور مہمان مقرر مدعو ہوئے جبکہ EURECA-PRO منصوبے کے تحت مختلف تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں کے منتظم بھی رہے ۔ اہلِ علاقہ، تعلیمی حلقوں اور عزیز و اقارب نے ڈاکٹر حمزہ ممتاز کو اس شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی ہے ۔ ڈاکٹر حمزہ ممتاز کی کامیابی علاقے کے نوجوانوں کیلئے ایک روشن مثال ہے ۔




