انڈیا کے خلاف میچ سے دستبرداری: پاکستان کے ٹی 20 ورلڈ کپ سفر پر سوالیہ نشان

ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران انڈیا کے خلاف گروپ میچ نہ کھیلنے کے پاکستان کے فیصلے کے بعد کرکٹ شائقین میں بے چینی اور سوالات نے جنم لے لیا ہے۔ سات فروری سے شروع ہونے والے ایونٹ میں پاکستان کی جانب سے اس اہم مقابلے سے دستبرداری نے نہ صرف پوائنٹس ٹیبل بلکہ قومی ٹیم کے مجموعی سفر پر بھی سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

شائقین یہ جاننا چاہتے ہیں کہ اس فیصلے کا پاکستان کے لیے عملی نقصان کیا ہو سکتا ہے اور اگر دونوں ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچتی ہیں تو کیا پاکستان وہاں بھی یہی مؤقف اختیار کرے گا یا نہیں۔

ٹی 20 ورلڈ کپ کے ابتدائی مرحلے کے لیے بنائے گئے چار گروپس میں سے پاکستان اور انڈیا کو گروپ اے میں رکھا گیا ہے۔ اس گروپ میں ان دونوں ٹیموں کے علاوہ امریکہ، نمیبیا اور نیدرلینڈز شامل ہیں۔ ابتدائی مرحلے کے اختتام پر ہر گروپ سے دو ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

شیڈول کے مطابق اگر پاکستان اور انڈیا دونوں سپر ایٹ مرحلے میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو انھیں الگ الگ گروپس میں رکھا جائے گا۔ اس صورت میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ صرف سیمی فائنل یا فائنل میں ہی ممکن ہو سکے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: پاکستان کے بائیکاٹ کے باوجود بھارتی ٹیم کو سری لنکا جانا پڑے گا

انڈیا کے خلاف گروپ میچ نہ کھیلنے کے ممکنہ اثرات پر سوشل میڈیا پر مختلف منظرنامے زیرِ بحث ہیں۔ پوائنٹس اور نیٹ رن ریٹ کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اگر پاکستان اس میچ سے دستبردار ہوتا ہے تو نتیجتاً انڈیا کو اس میچ میں فتح اور دو پوائنٹس مل جائیں گے، جبکہ پاکستان کو سپر ایٹ مرحلے میں رسائی کے لیے اپنے بقیہ تمام میچز بہتر رن ریٹ کے ساتھ جیتنا ہوں گے۔

رن ریٹ کے معاملے پر آئی سی سی کی ’پلیئنگ کنڈیشنز‘ کی شق 16.10.7 واضح کرتی ہے کہ اگر کوئی ٹیم میچ کھیلنے سے انکار کرے تو دستبردار ہونے والی ٹیم کا نیٹ رن ریٹ متاثر ہو گا، جبکہ دوسری ٹیم کے نیٹ رن ریٹ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ اس شق کے مطابق پاکستان کی دستبرداری اس کے ٹورنامنٹ نیٹ رن ریٹ کو براہِ راست متاثر کرے گی۔

مزید پڑھیں: پاکستان کا بھارت کیخلاف میچ کا بائیکاٹ، آئی سی سی قانون کے تحت کیا نقصان ہوگا؟

دوسری جانب نجی چینل نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان عامر میر سے یہ سوال بھی کیا کہ اگر ٹورنامنٹ کے اگلے مراحل میں پاکستان اور انڈیا آمنے سامنے آتے ہیں تو کیا پاکستان اس مرحلے پر بھی میچ کا بائیکاٹ کرے گا؟ اس پر عامر میر نے کہا کہ اس کا فیصلہ وقت آنے پر کیا جائے گا اور یہ فیصلہ ’’ہم (پی سی بی) نہیں، حکومت کرے گی۔‘‘

Scroll to Top