لاہور (کشمیر ڈیجیٹل نیوز)قومی ٹیم کے اسپنرز نے ٹی 20 کرکٹ کی تاریخ میں شاندار کارنامہ انجام دیتے ہوئے ایک ہی میچ میں آسٹریلیا کی تمام 10 وکٹیں حاصل کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کا دوسرا میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جس میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 90 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی ۔ اس فتح کیساتھ ہی پاکستان نے سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ۔
لاہور میں کھیلے گئے اس تاریخی میچ میں پاکستانی اسپنرز نے مکمل طور پر آسٹریلوی بیٹنگ لائن کو جکڑ کر رکھ دیا ۔ میچ کی خاص بات یہ رہی کہ آسٹریلیا کی اننگز میں گرنے والی تمام 10 وکٹیں پاکستانی اسپنرز کے حصے میں آئیں جو پاکستان کی ٹی 20 تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ کسی ایک اننگز میں تمام وکٹیں اسپن بولرز نے حاصل کی ہوں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:دوسرا ٹی 20: پاکستان نے آسٹریلیا کو 90 رنز سے شکست دے دی
اسپنرز کی شاندار کارکردگی میں ابرار احمد اور شاداب خان نمایاں کارنامہ سر انجام دیا، جنہوں نے تین ، تین وکٹیں اپنے نام کیں ۔ عثمان طارق نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ صائم ایوب اور محمد نواز کے حصے میں ایک ، ایک وکٹ آئی ۔
ٹی 20 کرکٹ کی مجموعی تاریخ میں یہ دسواں موقع ہے کہ کسی ٹیم کی اننگز میں تمام وکٹیں اسپنرز نے حاصل کی ہوں ۔ تاہم فل ممبر ٹیموں کے درمیان یہ صرف دوسرا واقعہ ہے ۔ اس سے قبل 2022 میں بھارت نے فلوریڈا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف یہ اعزاز حاصل کیا تھا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کٹ کی رونمائی ملتوی،پاکستانی ٹیم کی ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت کا فیصلہ پیر کو متوقع
واضح رہے کہ اس میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے ۔ جواب میں آسٹریلوی ٹیم 16 اوورز میں محض 108 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی ۔




