ملک کے مختلف علاقوں میں موسمی سرگرمیاں بڑھنے کا امکان ہے کیونکہ ایران کے راستے ایک اور مغربی موسمی سسٹم شمالی بلوچستان اور دیگر شمالی حصوں میں داخل ہو رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس موسمی سسٹم کے اثرات30 جنوری کی رات سے 3 فروری تک ملک کے مغربی و شمالی علاقوں میں جاری رہنے کا امکان ہے۔
اس سسٹم کے تحت کشمیر میں نیلم ویلی، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور،دوسری جانب گلگت بلتستان میں ڈائیمیر، آستور، غزر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گانچے اور شگر میں 31 جنوری سے 3 فروری تک ہلکی تا معتدل بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔
اسی طرح شمالی بلوچستان کے ساتھ ساتھ میدانی و پہاڑی علاقوں میں مختلف نوعیت کی بارش اور برفباری متوقع ہے۔ کوئٹہ، زیارت، ژوب، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی سمیت دیگر شمالی علاقوں میں 31 جنوری سے 1 فروری تک ہلکی تا معتدل بارش اور برفباری کی توقع ہے۔
خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں بشمول چترال، دیر، سوات، کالم، شانگلہ، کوہستان، بنوں، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، پشاور، کوہاٹ، کرم اور وزیرستان میں بھی اسی عرصے میں ہلکی تا معتدل بارش اور برفباری کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر :یکم سے 3 فروری تک بارش اور برفباری، ایڈوائزی جاری
اسلام آباد، پوٹھوہار، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ اور ارد گرد کے علاقوں میں 1 تا 3 فروری کے دوران ہلکی بارش متوقع ہے۔ مری، گلیات اور ارد گرد کے پہاڑی علاقوں میں بھی ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ برفباری کے سبب ناران، کاغان، دیر، سوات، کالم، چترال، کوہستان، مانسہرہ، شانگلہ، آستور، ہنزہ، سکردو، نیلم ویلی، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ اور حویلی میں سڑکیں پھسلنے کا خطرہ موجود ہے۔ اسی طرح کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی اور ژوب میں بھی برف باری سے پھسلنے کی صورت حال بن سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: ملک میں بارش برسانے والا سسٹم داخل ہونے کو تیار، پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان
اس عرصے میں پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کے امکانات بھی موجود ہیں، اس لیے این ڈی ایم اے نے عوام اور سیاحوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دن کے درجہ حرارت میں بھی کمی متوقع ہے، جس سے موسم مزید سرد رہ سکتا ہے۔




