ماہرین نےسردی میں مچھلی کی کھال کھانےکے فوائد بتا دیے

سردی کے موسم میں مچھلی کو غذائیت سے بھرپور اور پسندیدہ غذا سمجھا جاتا ہے، تاہم زیادہ تر لوگ مچھلی کھاتے وقت اس کی کھال کو اتار کر ضائع کر دیتے ہیں۔ حالانکہ ماہرین کے مطابق مچھلی کی کھال غذائیت کے اعتبار سے نہایت اہم ہوتی ہے اور اسے نظر انداز کرنا خود کو کئی فوائد سے محروم رکھنے کے مترادف ہے۔ سردیوں کے آغاز کے ساتھ ہی عموماً ایسی غذاؤں کا استعمال بڑھ جاتا ہے جو جسم کو اضافی توانائی فراہم کریں تاکہ سرد موسم کا مقابلہ کیا جا سکے، اور ان غذاؤں میں مچھلی کو خاص اہمیت حاصل ہے۔

مچھلی کا گوشت پروٹین، اومیگا تھری، وٹامن ڈی، وٹامن ای اور آیوڈین جیسی غذائیت سے بھرپور ہوتا ہے، اور یہی غذائی اجزا مچھلی کی کھال میں بھی موجود ہوتے ہیں۔ اگرچہ بعض اقسام کی مچھلیوں میں مرکری اور دیگر مضر مادے زیادہ مقدار میں پائے جا سکتے ہیں، تاہم عام طور پر بازار میں دستیاب مچھلیاں جیسے رہو، پاپلیٹ، ٹیونا اور سنہری نسبتاً محفوظ سمجھی جاتی ہیں اور ان میں زہریلے مادوں کی مقدار کم ہوتی ہے۔

ماہرین کے مطابق مچھلی کی کھال کو پکانے سے قبل اسکیل سے اچھی طرح صاف کرنا ضروری ہے۔ مچھلی کو اس کی کھال سمیت پکانے سے ایک جانب اس کے گوشت کی غذائیت محفوظ رہتی ہے، جبکہ دوسری جانب ذائقے میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ غذائیت کے لحاظ سے مچھلی کی کھال پروٹین کا بڑا ذریعہ ہے جو انسانی عضلات اور میٹابولزم کو درست رکھنے میں مدد دیتی ہے۔ یہ پروٹین بچوں کی نشوونما میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد،باسی گوشت کی ترسیل پرفوڈ اتھارٹی کا سخت ایکشن،کوسٹر ضبط کرادی

مچھلی کی کھال میں موجود اومیگا تھری فیٹی ایسڈ جسم کو صحت مند چکنائی فراہم کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ لوگ مہنگے کیپسول خریدتے ہیں، جبکہ قدرتی طور پر یہی فائدہ مچھلی کی کھال سے بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اومیگا تھری جوڑوں کے درد میں آرام، دل کی صحت بہتر بنانے اور دماغ میں دورانِ خون بڑھانے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔

علاوہ ازیں مچھلی کی کھال بڑھتی عمر کے اثرات کم کرنے میں بھی مددگار سمجھی جاتی ہے۔ وٹامن ای جلد کو تازگی اور چمک فراہم کرتا ہے جبکہ اومیگا تھری جوڑوں کے درد میں کمی لا کر عمر کے اثرات کو سست کر دیتا ہے۔ مچھلی کی کھال میں موجود غذائیت انسانی قوتِ مدافعت کو بڑھانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے، جس سے جسم کمزوری اور بیماریوں سے بہتر طور پر مقابلہ کر سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: فوڈ اتھارٹی کا باسی فروزن فوڈ فروخت کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈائون،2دکانیں سیل

ماہرین صحت کے مطابق ہر فرد کو ہفتے میں کم از کم دو سے تین بار 113 گرام مچھلی کا استعمال کرنا چاہیے۔ سردیوں میں مچھلی کی بڑھتی مانگ کے باعث شہری مچھلی کی خریداری میں مصروف نظر آ رہے ہیں، اور بچوں، بوڑھوں اور نوجوانوں میں مچھلی یکساں مقبول ہو رہی ہے، جس کے نتیجے میں مچھلی فروخت کرنے والوں کی چاندی ہو گئی ہے۔

Scroll to Top