وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ڈیووس میں غزہ ’بورڈ آف پیس‘ پر دستخط کر دیے

اسلام آباد: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ بورڈ آف پیس معاہدے پر دستخط کی تقریب میں عالمی برادری کو امن کی جانب اہم پیغام دیا۔ اس موقع پر پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف سمیت متعدد ممالک کے سربراہان نے بھی معاہدے پر دستخط کیے اور امن کے قیام میں تعاون کا عزم ظاہر کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ بورڈ آف پیس پر اقوام متحدہ اور دیگر ممالک کے ساتھ کام جاری رکھیں گے اور غزہ میں جاری جنگ جلد ختم ہونے والی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ حماس کو لازمی طور پر غیر مسلح ہونا ہوگا ورنہ اس کا خاتمہ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ترکیہ حکومت کا بھی عالمی “بورڈ آف پیس” میں شمولیت کا اعلان

امریکی صدر نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ کے خطرے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ دونوں ایٹمی ملک ہیں، اور امریکی مداخلت نے دونوں کے درمیان تنازعہ رکانے میں مدد دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ دس ماہ میں دنیا بھر میں آٹھ جنگیں روکی گئی ہیں، شام کے صدر سے بات کی گئی اور شام پر عائد تمام پابندیاں ختم کی گئی ہیں۔

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس مداخلت سے ایک یا دو کروڑ انسانوں کی جانیں بچائی گئی ہیں۔ انہوں نے عالمی قیادت کی جانب سے امن کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو انسانی جانوں کے تحفظ اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب اہم قدم قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت قبول کرلی،دفترخارجہ

ٹرمپ نے اس موقع پر ایران کے ساتھ بات چیت کے لیے بھی آمادگی ظاہر کی اور مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے عالمی رہنماؤں پر زور دیا کہ امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں اور تعاون ضروری ہیں۔

بورڈ آف پیس کی یہ تقریب عالمی قیادت کی جانب سے امن کے قیام کی ایک نمایاں کوشش کے طور پر دیکھی جا رہی ہے، اور اس پر عالمی سطح پر سخت نظر رکھی جا رہی ہے۔ اس میں پاکستان کے علاوہ سعودی عرب، ترکیہ، متحدہ عرب امارات، قطر، ہنگری، انڈونیشیا، قازقستان، ازبکستان، اردن، بحرین، مراکش، آرمینیا، ارجنٹائن، کوسوو، پیراگوئے، منگولیا، آذربائیجان اور بلغاریہ نے بھی شمولیت کے چارٹر پر دستخط کیے۔

Scroll to Top