کشمیر اورخیبرپختونخوا میں موسمی صورتحال کے باعث فلیش فلڈ کے خطرے سے متعلق جاری اطلاعات کے مطابق محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج سے 24 جنوری تک ایک طاقتور مغربی سسٹم ملک کے بالائی علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے۔ اس موسمی نظام کے زیر اثر خیبرپختونخوا اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث نشیبی اور حساس علاقوں میں صورتحال سنگین ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس مغربی سسٹم کے نتیجے میں بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔ دریائے کابل اور اس سے منسلک معاون ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافے کے خدشے کے پیش نظر فیڈرل فلڈ کمیشن نے سوات، چترال، دیر، مالاکنڈ اور مانسہرہ سمیت متعدد اضلاع کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اس ممکنہ صورتحال کے باعث متعلقہ اداروں کو پیشگی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمر میں بارش و برفباری، این ڈی ایم اے نے اہم الرٹ جاری کردیا
این ڈی ایم اے نے بھی خیبرپختونخوا اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق حساس مقامات کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کی بروقت نشاندہی کی جا سکے۔ اسی سلسلے میں مقامی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ عوامی تحفظ کے لیے ضروری انتظامات کو یقینی بنائیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی آج سے بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر مقامی انتظامیہ کو عوام کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے مطابق سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے متعدد علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسلا دھار بارش متوقع ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا اور ملحقہ علاقوں میں بارش کا امکان ہے، جبکہ مری اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر: بارش، برفباری،ایس ڈی ایم اے کی ایڈوائزری جاری
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، ناران، کاغان اور گلیات میں برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق بارش اور برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش اور برفباری کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ریسکیو اور سڑکوں کی بحالی کے لیے متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔




