بھکاری کروڑ پتی نکلا، تین گھر اور گاڑیوں کا مالک ہونے کا انکشاف

بھارت میں ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک بھکاری کروڑ پتی نکلا۔ یہ انکشاف اس وقت ہوا جب حکومت کی جانب سے انسدادِ گداگری مہم کے دوران اندور کے ایک مصروف بازار میں موجود ایک معذور شخص کے مالی معاملات کی جانچ کی گئی۔ مذکورہ شخص کی شناخت منگی لال کے نام سے ہوئی ہے، جو بظاہر ایک خاموش اور سادہ بھکاری کے طور پر جانا جاتا تھا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق منگی لال روزانہ اندور کے بازار میں لوہے کی ریڑھی پر خاموش بیٹھا رہتا تھا۔ وہ نہ تو کسی سے بھیک مانگتا تھا اور نہ ہی آواز دے کر راہگیروں یا دکانداروں کو تنگ کرتا تھا۔ اس کے اس رویے کے باعث لوگ خود ہی اسے امداد دے دیا کرتے تھے۔ بازار میں آنے جانے والے افراد اسے ایک معذور اور مجبور شخص سمجھتے ہوئے مدد فراہم کرتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: چین میں تیار ہونے والا ’روہانسی صورت والا گھوڑا‘ سوشل میڈیا پر چھا گیا

انسدادِ گداگری مہم کے دوران جب اس کی سرگرمیوں کی تفصیلی تحقیقات کی گئیں تو کئی حیران کن حقائق سامنے آئے۔ تحقیقات کے مطابق منگی لال دن کے وقت بھیک سے روزانہ تقریباً 400 سے 500 روپے کماتا تھا، تاہم اصل کمائی دن کے بجائے رات کے وقت ہوتی تھی۔ انکشاف ہوا کہ وہ دن میں حاصل ہونے والی یہی رقم بازار کے تاجروں کو ایک دن یا ایک ہفتے کے لیے سود پر دیا کرتا تھا اور اس رقم پر روزانہ سود وصول کرتا تھا۔

تحقیقات کے بعد یہ بھی معلوم ہوا کہ منگی لال کے پاس تین گھر موجود ہیں۔ اس کے علاوہ وہ تین آٹو رکشوں اور ایک کار کا بھی مالک ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس کی معذوری کی بنیاد پر اسے سرکاری مکان بھی الاٹ کیا گیا تھا۔ اس کے زیرِ استعمال آٹو رکشے کرائے پر چلتے ہیں، جبکہ اس کی کار کے لیے ایک ڈرائیور بھی رکھا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمتیں آج پھر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

حکام کے مطابق کروڑ پتی ثابت ہونے والے اس گداگر کو کارروائی کے بعد شیلٹر ہاؤس منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہ معاملہ انسدادِ گداگری مہم کے دوران سامنے آنے والے نمایاں واقعات میں شمار کیا جا رہا ہے، جس نے عوام اور متعلقہ حلقوں میں خاصی توجہ حاصل کی ہے۔

Scroll to Top