کوئٹہ میں اچکزئی پلازہ میں آگ لگ گئی، دکانیں شدید متاثر

کوئٹہ کے مصروف تجارتی علاقے لیاقت بازار میں واقع اچکزئی پلازہ میں آگ لگ گئی، جو چند لمحوں میں شدت اختیار کر گئی اور پلازہ میں قائم متعدد دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ تمام کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر معطل ہو گئیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق، لیاقت بازار میں واقع اس پلازہ میں لگنے والی آگ نے کئی دکانوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے، اور فائر بریگیڈ کا عملہ آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مسلسل مصروف ہے۔ تاہم تنگ راستوں اور شدید دھوئیں کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے اور آگ پر قابو پانا مشکل ثابت ہو رہا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق، اچکزئی پلازہ میں تقریباً 25 دکانیں موجود ہیں جو موبائل فون، لیپ ٹاپ اور دیگر الیکٹرانک آلات کی فروخت کے لیے کام کر رہی تھیں، اور ان دکانوں میں قیمتی سامان رکھا ہوا تھا۔ آگ صبح تقریباً 4 بجے شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، اور چند لمحوں میں شدت اختیار کر گئی۔

یہ بھی پڑھیں: گل پلازہ سانحہ: آگ لگنے کی وجوہات سے متعلق اہم رپورٹ سامنے آ گئی

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 15 گاڑیاں موقع پر موجود ہیں اور مختلف اطراف سے آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔ دھوئیں کے بادل دور دور تک پھیل گئے، جس کے باعث اطراف کی عمارتوں کو بھی خالی کرا لیا گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق، آگ لگنے کے بعد زور دار دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دیں، جس سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بعض دکانوں میں موجود بیٹریاں اور دیگر الیکٹرانک آلات آگ کو مزید بھڑکانے کا سبب بنے۔ تاجر اپنی آنکھوں کے سامنے جمع پونجی جلتے دیکھتے رہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی، گل پلازہ سانحہ، اموات 9 ہو گئیں، تحقیقاتی رپورٹ میں اہم انکشافات

تا حال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم مالی نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر مکمل قابو پانے کے بعد نقصان کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا اور واقعے کی تحقیقات کی جائیں گی۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی نفری بھی موقع پر موجود ہے، علاقے کو گھیرے میں لے کر سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ شہریوں کو لیاقت بازار کے اطراف غیر ضروری آمدورفت سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Scroll to Top