پونچھ (سخاوت سدوزئی ،کشمیر ڈیجیٹل )بٹل سیکٹر میں بھارتی فوج کی جانب سے ایک بار پھر ماحولیاتی دہشت گردی کا سنگین واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں قیمتی جنگلات کو آگ لگا دی گئی۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے جنگلات کے ایک بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث علاقے کا قدرتی ماحولیاتی نظام شدید متاثر ہوا ہے ۔
مقامی ذرائع کے مطابق اس آگ کے نتیجے میں چرند، پرند اور دیگر جنگلی حیات کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج سیزفائر لائن کے قریبی علاقوں میں دانستہ طور پر آگ لگا کر نہ صرف جنگلی حیات کو ہلاک کر رہی ہے بلکہ ماحول کو بھی آلودہ کر رہی ہے۔ شہریوں نے اس عمل کو بھارتی فوج کی کھلی ماحولیاتی دہشتگردی قرار دیا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بٹل سیکٹر میں بھارتی قابض فوج کی جانب سے لگائی گئی آگ پھیل گئی
آگ کے پھیلاؤ کے باعث بٹل سیکٹر کی قریبی آبادیوں کو بھی شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ آگ کے شعلے آبادی کی جانب بڑھنے کے خدشات کے پیش نظر مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت حفاظتی اقدامات شروع کر دیے ہیں تاکہ جان و مال کے نقصان سے بچا جا سکے۔ تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ محدود وسائل کے باعث آگ پر قابو پانا ان کیلئے نہایت مشکل ہے ۔
علاقہ مکینوں نے عالمی برادری، اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق و ماحولیاتی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس واقعے کا فوری نوٹس لیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے سیزفائر لائن کے علاقوں میں بار بار ایسے اقدامات نہ صرف خطے کے امن کیلئےخطرہ ہیں بلکہ ماحولیاتی قوانین کی بھی سنگین خلاف ورزی ہیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بٹل منڈہول سیکٹرکے عوام تعلیم،صحت سمیت بنیادی سہولیات سے محروم
مقامی عوام اور سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت کے اس مبینہ غیر انسانی اور سفاکانہ رویے پر اسے انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے اور متاثرہ علاقوں میں ماحولیاتی نقصان کا آزادانہ اور شفاف بین الاقوامی تحقیقات کے ذریعے جائزہ لیا جائے ۔




