اسلام آباد: پاکستان کو غزہ میں امن و سلامتی سے متعلق ایک اہم عالمی فورم میں شامل ہونے کی باضابطہ دعوت مل گئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ کے لیے قائم کیے جانے والے “بورڈ آف پیس” میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کو شمولیت کی دعوت دی ہے۔ اس پیش رفت کو خطے میں امن کے لیے پاکستان کے کردار کے اعتراف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے تصدیق کی کہ پاکستان کو غزہ سے متعلق بورڈ آف پیس میں شامل ہونے کی باضابطہ دعوت موصول ہو چکی ہے۔ ان کے مطابق پاکستان غزہ میں امن و سلامتی کے لیے عالمی کوششوں میں بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا اور غزہ میں پائیدار امن کے قیام کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ رابطے میں رہے گا۔
طاہر حسین اندرابی کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین کا مستقل اور منصفانہ حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے سفارتی کاوشوں کی حمایت جاری رکھے گا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے تمام سنجیدہ اقدامات کا حامی رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ایران پر حملہ نہ کرنے کا فیصلہ خود کیا، کسی نے قائل نہیں کیا،ٹرمپ
ترجمان دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے صدر ٹرمپ کے منصوبے کے تحت غزہ کے لیے قائم کیے جانے والے بورڈ آف پیس کے ارکان کے ناموں کا اعلان بھی کیا جا چکا ہے۔ غزہ میں “بورڈ آف پیس” کا قیام ٹرمپ کے امن منصوبے کا حصہ ہے، جس کا مقصد سکیورٹی، انسانی امداد اور تعمیر نو کے منصوبوں میں ہم آہنگی کو یقینی بنانا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ بورڈ فلسطینی اتھارٹی اور حکومت میں اصلاحات کی راہ بھی ہموار کرے گا۔
تاہم دوسری جانب اسرائیل نے غزہ بورڈ آف پیس کی تشکیل کو مسترد کر دیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حکومت کا مؤقف ہے کہ یہ بورڈ اسرائیلی حکومتی پالیسی کے خلاف ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ بورڈ کی تشکیل کے لیے اسرائیل سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیلی وزیر خارجہ گڈیون سار اس معاملے کو امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے ساتھ اٹھائیں گے۔ اسرائیل کے اس ردعمل کے باوجود غزہ سے متعلق عالمی سطح پر مشاورت اور سفارتی سرگرمیاں جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہبازشریف نے آزادکشمیر کے عوام کو آسان خدمت مرکز کی خوشخبری سنادی
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اصولی مؤقف کے ساتھ فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت کرتا رہے گا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے حل پر زور دیتا رہے گا۔ غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت کو پاکستان کی سفارتی اہمیت اور عالمی سطح پر اعتماد کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔




