پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے انتخابات میں دو تہائی اکثریت حاصل کرے گی ،سید وقار مہدی

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سینیٹ کے رکن، وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر سید وقار مہدی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی اپنی شاندار کارکردگی کی بنیاد پر دو تہائی اکثریت حاصل کر کے دوبارہ حکومت سازی کرے گی ۔

یہ اعلان انہوں نے پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات اور امیدوار اسمبلی حلقہ سات، شوکت جاوید میر کے ہمراہ گزشتہ روز پارٹی کے مرکزی رہنما راجہ عبد الوحید خان کی جانب سے دیے گئے پُرتکلف ظہرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا ۔

سید وقار مہدی نے کہا کہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری، صدر پاکستان آصف علی زرداری اور سیاسی اُمور کی چیئرپرسن فریال تالپور کی قیادت میں غیر سیاسی حکومت سے نجات اور سیاسی نظام کی بحالی ایک بڑی قومی و نظریاتی کامیابی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ غیر سیاسی حکمرانوں نے پاکستان اورآزاد جموں و کشمیر کے تعلقات میں دراڑیں ڈالیں اور عوام میں بداعتمادی کو فروغ دیا، جو قومی یکجہتی کے لیے نقصان دہ ثابت ہوا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ن لیگ اور پیپلز پارٹی طویل سیاسی اننگز کھیلنے کے لیے تیار ہیں، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے دن رات محنت سے پالیسیاں ترتیب دیکر عوامی شراکت اقتدار کو یقینی بنایا اور قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو کے ترقی پسند نظریات کو فروغ دیا ۔

پیپلز پارٹی مضبوط وفاق ، کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت ، آئین و قانون کی حکمرانی ، جمہوریت کے استحکام ، امن و آشتی اور دفاع کی ضمانت ہے ۔

وقار مہدی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے پاکستان کی سالمیت ، کشمیری عوام کی آزادی اور سامراجی ایجنڈے کے مقابلے میں اپنی چار نسلوں کی قربانیاں دی ہیں ۔

بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پارٹی افواجِ پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ ملکر دہشت گردی ، انتہا پسندی اور لاقانونیت کیخلاف میدان میں سرگرم رہے گی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر کی سیاست میں نئی ہلچل ،وزیرِ حکومت پروفیسر تقدیس گیلانی پیپلز پارٹی میں شامل

آخر میں انہوں نے میزبان راجہ عبد الوحید خان کا شکریہ ادا کیا اور شہدائے جمہوریت ، شہدائے کشمیر اور افواج پاکستان کیلئے دعا کی ۔

Scroll to Top