لاہور: محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے موسمِ سرما کے بعد تعلیمی سرگرمیوں کو مؤثر بنانے کیلئے سرکاری سکولوں کے اوقاتِ کار میں تبدیلی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق جاری کردہ اعلامیے کے مطابق نئے اوقات کا اطلاق 19 جنوری 2026 سے 15 اپریل 2026 تک پنجاب بھر کے سرکاری سکولوں میں ہوگا ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں سنگل شفٹ سرکاری سکول پیر سے جمعرات تک صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بج کر 15 منٹ تک کھلے رہیں گے جبکہ جمعہ کے روز تدریسی سرگرمیاں صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بج کر 30 منٹ تک محدود ہوں گی ۔
اسی طرح ڈبل شفٹ سکولوں کے لیے بھی نئے اوقات مقرر کیے گئے ہیں ۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ڈبل شفٹ سکولوں میں صبح کی شفٹ صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے تک جاری رہے گی ، جبکہ دوپہر کی شفٹ 2 بج کر 15 منٹ سے شام 4 بج کر 45 منٹ تک ہوگی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:رواں سال کے آغاز کیساتھ ہی سولر پینلز کی قیمتوں میں یکدم بڑا اضافہ
محکمہ تعلیم کی جانب سے اساتذہ کے لیے بھی نئی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیر سے جمعرات تک اساتذہ کے اوقاتِ کار میں تدریسی تیاری ، پیشہ ورانہ تربیت ، اسکل ڈویلپمنٹ اور مختلف ٹریننگ سیشنز کو شامل کیا گیا ہے، تاکہ تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے ۔
اس کے علاوہ محکمہ اسکول ایجوکیشن نے اساتذہ کی متبادل ہفتوں میں ہفتہ کے روز حاضری کو بھی لازمی قرار دے دیا ہے ۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ، نصابی سرگرمیوں کی بہتری اور طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سری لنکن بیٹر ویران چامودیتھا نے ریکارڈ ساز اننگز کھیل کر تاریخ رقم کر دی
محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ نئے اوقاتِ کار اور ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا جبکہ ضلعی تعلیمی حکام کو اس ضمن میں نگرانی کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے ۔




