قیمتوں

رواں سال کے آغاز کیساتھ ہی سولر پینلز کی قیمتوں میں یکدم بڑا اضافہ

کراچی (کشمیر ڈیجیٹل )ملک میں رواں سال کے آغاز کے ساتھ ہی سولر پینلز کی قیمتوں میں یکدم بڑے اضافے کا رحجان پیدا ہوگیا ہے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مقامی مارکیٹوں میں درآمد شدہ چینی سولر پینلز خصوصاً 585، 645 اور 720 واٹ کی گنجائش رکھنے والے پینلز کی قیمتوں میں اوسطاً 5 ہزار روپے تک اضافہ ہو چکا ہے ۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد 585 واٹ کا سولر پینل جو پہلے 16 سے 17 ہزار روپے میں دستیاب تھا ، اب 20 سے 21 ہزار روپے میں فروخت ہو رہا ہے ۔

اسی طرح 645 واٹ کے سولر پینل کی قیمت 20 ہزار روپے سے بڑھ کر 24 سے 25 ہزار روپے تک جا پہنچی ہے جبکہ 720 واٹ کے حامل سولر پینلز کی قیمت میں سب سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو پہلے 22 سے 25 ہزار روپے میں دستیاب تھے اور اب 30 سے 35 ہزار روپے کی سطح پر فروخت ہو رہے ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سولر پینلز کی درآمد پر بھاری ٹیکس عائد کرنے کا فیصلہ

سولر پینلز کے درآمد کنندہ اور کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے نائب صدر سلیم میمن کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں چاندی اور تانبے جیسی اہم دھاتوں کی قیمتوں میں اضافے کے باعث چینی سولر کمپنیوں کی پیداواری لاگت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ پانچ ماہ کے دوران سولر پینلز کی فی واٹ قیمت 22 روپے سے بڑھ کر 33 روپے تک پہنچ چکی ہے ۔

سلیم میمن نے کہا کہ عوامی سطح پر سولر سسٹمز کی بڑھتی ہوئی طلب اور چین میں قیمتوں میں اضافے کے باعث آئندہ چند ماہ میں سولر پینلز کی فی واٹ قیمت 40 روپے تک جانے کا خدشہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی سولر پینلز کی درآمد پر عائد مختلف ٹیکسز بھی قیمتوں میں اضافے کی ایک بڑی وجہ ہیں، جبکہ مقامی سطح پر سولر ٹیکنالوجی میں مسابقت نہ ہونے کے باعث بھی قیمتیں کنٹرول میں نہیں آ رہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان سولر پینلز درآمد کرنیوالا دنیا کا سب سے بڑا ملک بن گیا

ا ن کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران بڑے پیمانے پر درآمدات کے باعث ملک میں سولر پینلز کا وافر ذخیرہ موجود ہے تاہم اس کے باوجود قیمتوں میں کمی کے بجائے اضافہ ہو رہا ہے ۔ صرف سولر پینلز ہی نہیں بلکہ ان میں استعمال ہونے والی بیٹریاں بھی مہنگی ہو گئی ہیں، اور گزشتہ ایک ماہ کے دوران سولر بیٹریوں کی قیمتوں میں تقریباً 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔

Scroll to Top