محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے کے وسط سے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش ، آندھی ، گرج چمک اور برف باری کی نئی پیش گوئی کر دی ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے ایک کمزور مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی حصوں میں داخل ہوگاجو 19 جنوری تک اثر انداز رہے گا ۔ اس کے بعد 20 جنوری سے یہ سلسلہ مزید طاقتور ہو جائے گا اور 21 جنوری سے ملک کے بیشتر علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے ۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج شام سے 19 جنوری تک گلگت بلتستان ، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش، آندھی اور ہلکی برفباری پڑ سکتی ہے ۔ اسی طرح مری ، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں 18 سے 20 جنوری کے دوران ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وادی نیلم، باغ ، حویلی میں برفباری، محکمہ موسمیات کی آئندہ ہفتے کیلئے بڑی پیشگوئی
مزید بتایا گیا ہے کہ 20 سے 23 جنوری کے دوران گلگت بلتستان ، کشمیر، مری ، گلیات ، اسلام آباد ، پوٹھوہار ریجن کے علاوہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے متعدد اضلاع میں تیز بارش، آندھی اور گرج چمک ہو سکتی ہے ۔ اس دوران چترال ، دیر، سوات، کالام ، شانگلہ ، کوہستان ، مانسہرہ ، ایبٹ آباد، مری اور وادی نیلم سمیت کئی پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری کی توقع ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 21 اور 22 جنوری کو گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ صوبے کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری بھی ہو سکتی ہے۔ سندھ کے کئی اضلاع میں 22 اور 23 جنوری کو بارش اور گرج چمک کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں شدید سردی برقرار، بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید برفباری کے باعث پہاڑی علاقوں میں سڑکیں بند ہونے ، پھسلن اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے ۔ لہذا سیاح غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔




