کراچی (کشمیر ڈیجیٹل ) کراچی میں کھیلے گئے چیمپئنز ٹرافی کے ابتدائی میچ میں دوران فیلڈنگ اوپنر فخر زمان انجری کا شکار ہوگئے جس کے بعد وہ دوبارہ کھیل کے قابل نہیں ہوسکے تاہم اب فخر زمان ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے۔
قومی ٹیم بھارت کیخلاف 23 فروری کو ہونیوالے میچ کیلئےکراچی سے دبئی کیلئے آج روانہ ہو گئی تاہم فخر زمان دبئی روانہ ہونے والی ٹیم کے ہمراہ نہیں جا رہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی فخر زمان کے چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے جبکہ اس حوالے سے ذرائع کا بتانا ہے کہ فخر زمان کی انجری سنجیدہ نوعیت کی ہے، فخر زمان ٹورنامنٹ میں مزید نہیں کھیل پائیں گے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے متبادل کھلاڑی کیلئے آئی سی سی ٹیکنیکل کمیٹی سے رابطہ بھی کیا گیا ہے اور پی سی بی فخر زمان کی جگہ متبادل اوپنر کیلئے مختلف ناموں پر غور کیا گیاہے
ذرائع کا کہنا ہےکہ فخر زمان کی جگہ امام الحق کا چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستانی ٹیم میں شمولیت کا قوی امکان ہے جنہوں نے جنوبی افریقہ کیخلاف وارم اپ میچ میں 98 رنز بنائے تھے۔
ذرائع پی سی بی کا بتانا ہے جب فخر زمان نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں فیلڈنگ کرتے ہوئے گرے تھے تو انہوں نے اسی وقت بتا دیا تھا کہ وہ کھڑے ہونے کے قابل نہیں ہیں تاہم فزیو نے انہیں ٹریٹمنٹ کے بعد اٹھایا تھا اور پھر ٹیم مینجمنٹ نے انہیں بیٹنگ میں آزمانے کا فیصلہ کیا تھا تاہم بیٹنگ کے دوران بھی وہ مشکل میں نظر آئے تھے۔
چیمپئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں فخر زمان کی انجری کی وجہ سے پاکستان کی جانب سے اوپننگ کیلئے بابر اعظم کے ساتھ سعود شکیل آئے تھے جبکہ فخر زمان مڈل میں بیٹنگ کیلئے آئے تھے۔ گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 60 رنز سے شکست دی تھی۔
آزادکشمیر میں ڈیجیٹل اراضی ریکارڈ پراجیکٹ تقریباًمکمل ، 13 ڈیجیٹل اراضی سینٹرز فعال