میرپور بورڈ: جماعت نہم سپلی/سیکنڈ اینول رزلٹ آج 3 بجے جاری ہوگا

آزاد جموں و کشمیر انٹرمیڈیٹ و ثانوی تعلیمی بورڈ میرپور کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق سپلیمنٹری/سیکنڈ اینول امتحان کے تحت جماعت نہم (امتحان ثانوی پارٹ اوّل) کا نتیجہ آج 15 جنوری 2026 کو سہ پہر 03 بجے جاری کیا جائے گا۔ یہ رزلٹ آزاد جموں و کشمیر انٹرمیڈیٹ و ثانوی تعلیمی بورڈ میرپور کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے سیکنڈ اینول 2025ء کے امتحان سے متعلق ہوگا۔

بورڈ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ تمام امیدواران اپنے نتائج بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ www.ajkbise.net
پر صرف رول نمبر کے ذریعے ملاحظہ کر سکیں گے۔ پریس ریلیز میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس امتحان سے متعلق رزلٹ کارڈز بذریعہ ڈاک ارسال نہیں کیے جائیں گے۔ اس کے بجائے رزلٹ کی اشاعت کے ایک ہفتہ بعد رزلٹ کارڈز بورڈ کی ویب سائٹ سے پرنٹ کیے جا سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: میرپور تعلیمی بورڈ کا جماعت دہم کے ضمنی امتحان کے رزلٹ کا اعلان

مزید وضاحت کے مطابق، ریگولر امیدواران کے رزلٹ کارڈز متعلقہ تعلیمی اداروں کے سربراہان اپنے آن لائن پینل کے ذریعے پرنٹ کریں گے، جبکہ پرائیویٹ امیدواران اپنے رزلٹ کارڈز براہِ راست بورڈ کی ویب سائٹ سے اپنے رول نمبر کے تحت حاصل کر سکیں گے۔ ویب سائٹ سے رزلٹ کارڈ پرنٹ کرنے کی سہولت رزلٹ کی اشاعت سے 45 دن تک دستیاب رہے گی۔ اس مدت کے بعد امیدواران کو رزلٹ کارڈ کے حصول کے لیے قواعد و ضوابط کے تحت بورڈ سے رجوع کرنا ہوگا۔

پریس ریلیز میں ان امیدواران اور ادارہ جات کے حوالے سے بھی وضاحت کی گئی ہے جن کے ذمہ بقایا جات ہیں یا کسی اعتراض کی بنیاد پر نتائج مؤخر کیے گئے ہیں۔ ایسے امیدواران کے نتائج اور رزلٹ کارڈز بقایا جات کی وصولی یا اعتراضات کے خاتمے کے بعد ہی جاری کیے جائیں گے، اور وہ بھی اسی طریقۂ کار کے تحت ویب سائٹ سے پرنٹ کیے جا سکیں گے۔

Scroll to Top