مظفر آباد(کشمیر ڈیجیٹل نیوز)سول ڈیفنس اینڈ مینجمنٹ اتھارٹی آزاد کشمیر کے حکام نے عوام اور سیاحوں سے گزارش کی ہے کہ برف باری کے دوران اور بعد میں درج ذیل حفاظتی تدابیر پر عمل کریں تاکہ کسی بھی حادثے یا غیر متوقع صورت حال سے بچا جا سکے ۔
سفر سے پہلے اقدامات:
حکام نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ سفر سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورت حال کی تازہ ترین معلومات حاصل کریں ۔ اس کے علاوہ گاڑی کی بریک، ٹائر، بیٹری اور ہیٹر کی جانچ کرنا نہ بھولیں ۔ ضروری ہے کہ گاڑی میں زنجیریں (Snow Chains)، اضافی ایندھن اور فرسٹ ایڈ کٹ موجود ہو تاکہ ہنگامی صورت حال میں آسانی ہو ۔
سفر کے دوران احتیاطی تدابیر:
حکام نے کہا ہے کہ گاڑی کی رفتار کم رکھیں اور محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں ۔ پھسلن والی سڑکوں پر اچانک بریک لگانے سے گریز کریں اور لینڈ سلائیڈنگ یا برفانی تودوں والے مقامات پر گاڑی نہ روکیں ۔ شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ سرکاری ہدایات اور ٹریفک پولیس کے احکامات پر ہمیشہ عمل درآمد کریں ۔
ذاتی حفاظت کے لیے اقدامات:
سرد موسم کے پیش نظر شہریوں کو گرم کپڑے، دستانے، ٹوپی اور واٹر پروف جوتے پہننے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ موبائل فون کو مکمل چارج رکھنا ضروری ہے اور بچوں، بزرگوں اور مریضوں کا خاص خیال رکھا جائے ۔
ہنگامی صورتحال میں اقدامات:
گاڑی خراب ہونے کی صورت میں حکام نے ہدایت دی ہے کہ محفوظ جگہ پر رہیں اور بلا ضرورت گاڑی نہ چھوڑیں ۔ فوری مدد کے لیے شہری 1122 یا ضلعی کنٹرول روم سے رابطہ کر سکتے ہیں ۔
یہ ہدایات سول ڈیفنس اینڈ مینجمنٹ اتھارٹی (SDMA) آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے جاری کی گئی ہیں تاکہ برف باری کے دوران ہر شہری اور سیاح کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے ۔




