لوئیر نیلم: حلقہ لوئیر نیلم سے صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر، راجہ فتح اللہ خان، ضیاء الرحمن مغل، راجہ محمد بشیر اور چوہدری ثمر سراج نے اسمبلی ٹکٹ کے حصول کے لیے اپنی درخواستیں مرکزی دفتر میں جمع کروا دی ہیں۔
پارٹی ذرائع کے مطابق امیدواروں نے مکمل فارم اور ضروری دستاویزات کے ساتھ اپنی درخواستیں پیش کی ہیں اور پارٹی قیادت پر بھروسہ ظاہر کیا ہے کہ وہ بہترین امیدوار کا انتخاب کرے گی۔ پارٹی کے اندرون اور حلقے کے اہم رہنما بھی اس عمل کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ شفافیت کے ساتھ امیدوار کا انتخاب یقینی بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کو جھٹکا،مسلم لیگ ن کی مقبولیت میں اضافہ،نوجوانوں کافوج پراعتمادبڑھ گیا،سروے
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کھوئی رٹہ کی جانب سے 2026 میں ہونے والے عام انتخابات کے لیے پارٹی ٹکٹ کے حصول کی غرض سے چار امیدواروں نے باضابطہ طور پر اپنی درخواستیں جمع کروا دی ہیں۔
پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواستیں جمع کروانے والوں میں راجہ آیاز احمد، راجہ شاداب سکندر، راجہ اشتیاق احمد اور محفوظ مغل شامل ہیں۔ درخواستیں جمع کروانے کے موقع پر پارٹی کارکنان کی ایک بڑی تعداد ان کے ساتھ موجود تھی۔
چاروں امیدواروں نے اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کی مرکزی اور مقامی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ پارٹی قیادت جس بھی امیدوار کو ٹکٹ دے گی وہ اس فیصلے کو دل سے قبول کریں گے اور پارٹی کے لیے متحد ہو کر مل کر کام کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:مسلم لیگ ن کے پاس نوجوانوں میں پائی جانیوالی مایوسی کا حل موجود،راجہ فاروق حیدر
امیدواروں کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) واحد جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوامی خدمت، ترقی اور خوشحالی کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔ درخواست گزار امیدواروں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر انہیں پارٹی ٹکٹ دیا گیا تو وہ مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں کے مطابق عوام کی بلا تفریق خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کھوئی رٹہ کی ترقی، بنیادی سہولیات کی فراہمی، نوجوانوں کے مسائل کے حل اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔




