ملک بھر میں شدید سردی کی لہر، بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچےگر گیا

ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید سردی کی لہر جاری ہے، جس کے باعث آزاد کشمیر میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کے روز کشمیر میں سردی کی شدت برقرار رہے گی جبکہ صبح کے اوقات میں چند مقامات پر کہرا پڑنے کی توقع ہے۔ بالائی علاقوں میں سرد ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت میں مزید کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔

ہفتہ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا، جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کے اثرات دیکھے گئے۔ پنجاب، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی اضلاع میں درمیانی سے شدید دھند چھائی رہی، اور خطہ ٔپوٹھوہار اور کشمیر میں صبح کے اوقات میں چند مقامات پر کہرا پڑنے کی توقع تھی۔

اتوار کے روز بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی برقرار رہے گی۔ پنجاب، بالائی سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے اور نقل و حمل میں مشکلات کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا، اور بالائی علاقوں میں شدید سردی ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران تربت میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ آج ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت میں ، مظفر آباد 3 ڈگری ہنزہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 20 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اتوار کی صبح سویرے کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1، اسلام آباد میں 2، لاہور میں 3، پشاور میں 4 اور کراچی میں 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں سردی شدید لہر، بارش کب ہوگی؟ محکمہ موسمیات نے بتا دیا

خیبرپختونخوا کے زیادہ تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہا جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کے اثرات دیکھنے میں آئے۔ پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، بنوں، کرک، لکی مروت، ڈی آئی خان اور گردونواح میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کی توقع ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

سندھ کے زیادہ تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سکھر، روہڑی، شکارپور، کشمور، شہید بینظیر آباد، دادو، لاڑکانہ، ٹنڈوجام، موہنجوداڑو اور گردونواح میں درمیانی سے شدید دھند متوقع ہے۔ حیدرآباد میں کم سے کم درجہ حرارت 7 جبکہ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ سکھر، دادو اور نوابشاہ میں درجہ حرارت 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہا جبکہ مری، گلیات اور گردونواح میں شدید سردی برقرار رہی۔ سیالکوٹ، نارووال، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، لاہور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، قصور، ساہیوال، خانیوال، فیصل آباد، جھنگ، لیہ، بھکر، نورپور تھل، ڈی جی خان، راجن پور، شورکوٹ، ملتان، کوٹ ادو، بہاولنگر، خانپور، بہاولپور اور رحیم یار خان میں درمیانی سے شدید دھند چھانے کا امکان ہے۔ لاہور، ملتان اور بہاولپور میں کم سے کم درجہ حرارت 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ مری اور ایبٹ آباد میں منفی 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: سردیوں میں نرم و ملائم ہونٹ کیسے رکھے جائیں؟ قدرتی نسخوں کا کرشمہ جانیے

شدید دھند کے باعث پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں موٹرویز کئی مقامات سے بند کر دی گئیں۔ موٹروے ایم ون صوابی سے پشاور، موٹروے ایم ٹو ٹھوکر نیاز بیگ سے بلکسرتک، موٹروے ایم تھری فیض پور سے سمندری، موٹروے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد، موٹروے ایم فائیو شیر شاہ سے سکھر اور لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم الیون لاہور سے سمبڑیال تک بند رہی۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو شدید سردی کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Scroll to Top