ہونڈا

ہونڈاCG 125 اور CD 70 کے 2026 ماڈلز لانچ، قیمتیں بھی سامنے آگئیں

پاکستان میں موٹر سائیکل استعمال کرنے والوں کے لیے خوش آئند خبر سامنے آ گئی ہے، جہاں ایٹلس ہونڈا نے اپنی مقبول موٹر سائیکلوں CG 125 اور CD 70 کے 2026 ماڈلز باضابطہ طور پر متعارف کرا دیے ہیں۔ نئے ماڈلز میں کسی بڑی مکینیکل تبدیلی کے بجائے جدید گرافکس ، بہتر فنش اور معمولی ظاہری بہتریاں شامل کی گئی ہیں، جبکہ کمپنی نے ان کی قیمتوں کا بھی اعلان کر دیا ہے ۔

Honda CG 125 ((2026قیمت اور تفصیلات
ایٹلس ہونڈا کے مطابق Honda CG 125 (2026) کی قیمت 238,900 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اگرچہ 2025 اور 2026 ماڈلز کے درمیان انجن یا مکینیکل ساخت میں کوئی نمایاں تبدیلی نہیں کی گئی، تاہم نئی گرافکس، بہتر ڈیزائن اور ظاہری بہتریوں نے موٹر سائیکل کو ایک تازہ اور قدرے جدید روپ دے دیا ہے۔

CG 125 بدستور اپنی مضبوط باڈی، قابلِ اعتماد انجن اور بہترین کارکردگی کے باعث پاکستانی سڑکوں پر مقبول ترین موٹر سائیکلوں میں شامل ہے اور طویل عرصے سے صارفین کی پہلی پسند بنی ہوئی ہے ۔

اہم خصوصیات:
نئے ماڈل میں یورو II معیار کے مطابق تیار کردہ 4-اسٹروک OHV ایئر کولڈ انجن نصب ہے، جو اپنی پائیداری اور کم ایندھن خرچ کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔ موٹر سائیکل میں 4 اسپیڈ کانسٹنٹ میش گیئر باکس دیا گیا ہے جو ہموار ڈرائیونگ کا تجربہ فراہم کرتا ہے۔

CG 125 میں 9.2 لیٹر فیول ٹینک موجود ہے جس میں 2 لیٹر ریزرو شامل ہے، جو طویل سفر کے دوران سہولت فراہم کرتا ہے۔ موٹر سائیکل کا اوسط فیول ایوریج تقریباً 45 کلومیٹر فی لیٹر بتایا جاتا ہے ۔

سسپنشن کے حوالے سے فرنٹ پر ٹیلی اسکوپک فورک جبکہ پچھلے حصے پر سوئنگ آرم سسپنشن دیا گیا ہے، جو ناہموار سڑکوں پر بھی آرام دہ سواری کو یقینی بناتا ہے۔ نئی پلین سیٹ اور پچھلے انڈیکیٹرز کی پوزیشن میں تبدیلی نے ڈیزائن کو نسبتاً جدید انداز دیا ہے۔

Honda CD 70 (2026) قیمت اور خصوصیات:
ایٹلس ہونڈا نے Honda CD 70 (2026) کی قیمت 159,900 روپے مقرر کی ہے۔ یہ موٹر سائیکل بدستور اپنی شاندار مائلیج، مضبوطی اور کم خرچ مینٹیننس کے باعث عام صارفین میں بے حد مقبول ہے۔

نئے ماڈل میں 4-اسٹروک OHC ایئر کولڈ انجن دیا گیا ہے، جس کے ساتھ 4 اسپیڈ کانسٹنٹ میش ٹرانسمیشن نصب ہے۔ کک اسٹارٹ سسٹم موٹر سائیکل کو ہر موسم میں آسانی سے اسٹارٹ کرنے میں مدد دیتا ہے۔

CD 70 میں 8.5 لیٹر فیول ٹینک شامل ہے جس میں 1 لیٹر ریزرو موجود ہے، جبکہ مضبوط بیک بون فریم موٹر سائیکل کو بہتر توازن اور استحکام فراہم کرتا ہے۔ یہ ماڈل بلیو، ریڈ اور بلیک رنگوں میں دستیاب ہے۔

Scroll to Top