ملک بھر میں شدید سردی کی لہر نے اپنا اثر دکھانا شروع کر دیا ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں شدید سردی کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے، جبکہ شمالی علاقوں اور بلوچستان میں خصوصی طور پر الرٹ نافذ کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں موسم کے شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ بالائی خیبرپختونخوا میں بھی سردی کی صورتحال برقرار رہے گی، جس کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو سکتے ہیں۔ شدید موسم کے باعث فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس پر کاشتکاروں کو حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے تاکہ ممکنہ نقصانات سے بچا جا سکے۔
دوسری جانب شہر قائد کراچی میں آج سرد ہواؤں کے باعث موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔ رات اور صبح سویرے ٹھنڈی ہواؤں کے چلنے سے سردی کی شدت میں اضافہ محسوس کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم کیسا رہے گا؟
کراچی میں سرد موسم کے ساتھ ساتھ فضائی آلودگی کی صورتحال بھی تشویشناک قرار دی گئی ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کے مطابق کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر موجود ہے۔ اس صورتحال کے پیشِ نظر شہریوں، خصوصاً بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ صحت کے ممکنہ مسائل سے بچا جا سکے۔
ادھر شہر لاہور میں بھی سردی نے ڈیرے جما لیے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ موسمی رپورٹ کے مطابق شہر میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ بارش کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:ملک کے بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں،پہاڑوں نے سفیدکمبل اوڑھ لیے
ملک کے مختلف حصوں میں جاری اس سردی کی لہر کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، گرم لباس کے استعمال اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی جا رہی ہے، تاکہ شدید موسم کے اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔




