مظفرآباد :فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے بینک روڈ پر قائم فوڈ پوائنٹس کا معائنہ کرتے ہوئے غیر معیاری آئل اور ٹوٹے برتن تلف کر دئیے۔فوڈ اتھارٹی کی ایس او پیز کی خلاف پر فوڈ بزنس آپریٹرز کو جرمانے کئے گئے ۔
فوڈ اتھارٹی مظفرآباد نے اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر قاضی شفیق الرحمن کی قیادت میں ہمراہ ٹیم سید محب علی نقوی، جاوید مغل اور فوڈ ٹیکنالوجسٹ انیلہ عباسی کے ساتھ بینک روڈ پر قائم مختلف فوڈ پوائنٹس کا تفصیلی معائنہ کیا ۔
یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد:فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی رپورٹ جاری،90 لاکھ سے زائد خورد ونوش تلف
ٹیم نے ہوٹلز، بیکرز، کریانہ و جنرل اسٹورز، کباب ہاؤسز، ریفریشمنٹ سینٹرز اور کلچہ فروشوں کو چیک کیا ۔
اس دوران اشیائے خوردونوش کے معیار، خوراک کے محفوظ ذخیرے، فوڈ ہینڈلرز کی ذاتی صفائی اور مجموعی صفائی ستھرائی کی صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔
معائنے کے دوران بعض فوڈ پوائنٹس پر صفائی ستھرائی کے انتہائی ناقص انتظامات پائے گئے جن پر موقع پر جرمانے عائد کیے گئے۔
موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب کی مدد سے مختلف اشیائے خورونوش کی جانچ پڑتال کی گئی جس کے دوران کباب کی تیاری میں استعمال ہونے والا غیر معیاری آئل ٹیسٹنگ کے بعد تلف کر دیا گیا غیر محفوظ اور ٹوٹے برتن بھی موقع پر ضائع کر دئیے گئے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد ابرار احمد میر نے کہا کہ عوام کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: فوڈ اتھارٹی کا بڑا کریک ڈاؤن،معروف برانڈز پر لاکھوں روپےجرمانے،سامان بھی ضبط
انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے فوڈ پوائنٹس کی باقاعدہ مانیٹرنگ، موقع پر ٹیسٹنگ اور قانون کے مطابق کارروائیاں جاری رہیں گی جبکہ غیر معیاری اور مضر صحت اشیاء کے استعمال کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوام غیر معیاری خوراک یا صفائی کی ناقص صورتحال کی صورت میں فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1280 پر شکایت درج کروائیں۔بروقت اور موثر کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔




