پاکستانی

پاکستانی نرسو ں کے لیے جرمنی میں روزگار کے سنہری موقع موجود ،بی ای او ای

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل نیوز) نرسنگ کے شعبے میں بیرون ملک ملازمت کے خواہشمند پاکستانی نرسوں کے لیے جرمنی میں روزگار کے مواقع موجود ہیں ۔

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ (بی ای او ای) کے مطابق، جرمنی میں تربیت یافتہ نرسوں کی شدید کمی ہے اور مستند نرسیں ملک بھر میں اپنی خدمات فراہم کر سکتی ہیں ۔

بی ای او ای نے بتایا کہ جرمنی میں نرسنگ کی ڈگری یا ڈپلومہ خودکار طور پر تسلیم نہیں ہوتا۔ اس لیے پاکستانی نرسیں اپنی تعلیمی اور پیشہ ورانہ اہلیت کی جرمن حکام سے باضابطہ منظوری حاصل کرنے کے بعد ہی درخواست دے سکتی ہیں ۔ ہر درخواست کا انفرادی جائزہ لیا جاتا ہے جس میں نصاب، تربیت کی مدت اور عملی مہارتیں شامل ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:جرمنی:ملازمت،تعلیم کیلئےکونسلرسروس پورٹل پرمنتقل،درخواستیں طلب

جرمنی میں نرسنگ کے لیے عام طور پر جرمن زبان میں مہارت B2 سطح ضروری ہے۔ اگر پاکستانی اور جرمن نرسنگ کے معیار میں فرق ہو تو اُمیدواروں کو اضافی تربیتی پروگرام مکمل کرنے یا علمی امتحان پاس کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے ۔

بی ای او ای نے تمام دلچسپی رکھنے والے پاکستانی نرسوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ صرف اور صرف جرمن حکومت کے سرکاری پورٹل سے رہنمائی حاصل کریں۔ یہ پورٹل امیدواروں کو بتاتا ہے کہ نرسنگ جرمنی میں ریگولیٹڈ پیشہ ہے یا نہیں، متعلقہ صوبائی اتھارٹی کون سی ہے، اور منظوری کیلئے کن مراحل سے گزرنا ہوگا ۔

مزید آسانی کے لیے بی ای او ای نے شہریوں کو براہِ راست سرکاری لنک بھی فراہم کیا ہے تاکہ وہ درست معلومات حاصل کر سکیں اور جرمنی میں ملازمت کے لیے اپنی درخواست کا عمل با آسانی شروع کر سکیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:جدید ممالک کی دوڑ ، چین جرمنی کو پیچھے چھوڑ کر ٹاپ10ممالک میں شامل

جرمنی میں نرسنگ کے شعبے میں بڑھتی ہوئی طلب پاکستانی نرسوں کے لیے ایک بہترین موقع فراہم کرتی ہے، بشرطیکہ وہ اپنے تعلیمی اور پیشہ ورانہ معیار کو جرمن تقاضوں کے مطابق مکمل کریں ۔

Scroll to Top