بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے دباؤ میں آ کر تنگ نظری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلم اسٹار شاہ رخ خان کی ملکیتی فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کو ہدایت دی ہے کہ وہ بنگلا دیش کے کرکٹر مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل 2026 سے ریلیز کرے۔
بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیوا جیت سائیکیا نے مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل 2026 سے ریلیز کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ دیوا جیت سائیکیا کے مطابق، ہر طرف ہونے والی حالیہ پیش رفت کے بعد بھارتی بورڈ نے کے کے آر کو یہ ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ بنگلا دیش کے کرکٹر کو ریلیز کر دے۔
دیوا جیت سائیکیا نے مزید کہا کہ اگر فرنچائز نے متبادل کھلاڑی کا مطالبہ کیا تو اس کی اجازت دی جائے گی تاکہ ٹیم کی ضروریات پوری ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ 2025ء کی ٹرافی کہاں ہے؟ محسن نقوی نے بتادیا
واضح رہے کہ بنگلا دیش کے کرکٹر کو کے کے آر میں شامل کرنے پر شاہ رخ خان سخت تنقید کی زد میں ہیں۔ آئی پی ایل کی ٹیم کے کے آر میں مستفیض الرحمان کے شامل ہونے پر مہاراشٹرا میں تنازع کھڑا ہوا اور کئی سیاستدانوں نے شاہ رخ خان کو نشانہ بنایا۔
خیال رہے کہ دسمبر میں ہونے والی آئی پی ایل آکشن میں کے کے آر نے مستفیض الرحمان کو 9.2 کروڑ بھارتی روپے میں حاصل کیا تھا، لیکن حالیہ سیاسی دباؤ اور ہندو انتہا پسندوں کی مخالفت کی وجہ سے بھارتی بورڈ نے فوری طور پر اسے ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:شاہ رخ خان بی جے پی کے نشانے پر’’غدار‘‘ قرار دیدیا گیا
اس فیصلے کے بعد کے کے آر کو اب اپنی ٹیم میں متبادل کھلاڑی کا انتخاب کرنے کی آزادی ہوگی، تاکہ آئی پی ایل 2026 کے لیے ٹیم کی کارکردگی متاثر نہ ہو۔




