نئی امنگوں اور امیدوں کے ساتھ 2026 کا پہلا سورج طلوع ہو گیا

نئی امنگوں، امیدوں اور خوابوں کے ساتھ سال 2026 کا پہلا سورج پوری آب و تاب کے ساتھ طلوع ہوگیا۔ نئے سال کے پہلے دن شہریوں میں خوشی اور جوش و خروش نمایاں رہا، جبکہ مختلف شہروں میں طلوعِ آفتاب کے مناظر دیکھنے کے لیے لوگوں نے ساحلی علاقوں، پارکوں اور کھلے مقامات کا رخ کیا۔ شہریوں نے اس یادگار لمحے کو کیمروں کی آنکھ میں محفوظ کیا اور ایک دوسرے کو نئے سال کی مبارکباد دی۔

نئے سال کے آغاز پر ملک بھر کی مساجد میں ملکی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ علما کرام نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو درپیش مشکلات کا خاتمہ کرے اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پوری قوم 2026 میں ملک کی معاشی بہتری کے لیے پُرامید ہے۔ عوام نے دعا کی کہ نیا سال سب کے لیے خوشیاں، سکون اور ترقی لے کر آئے اور یہ سال نئی امیدوں، حوصلوں اور کامیابیوں کا سال ثابت ہو۔

لوگوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مثبت سوچ اور محنت کے ساتھ نئے سال کا آغاز کر رہے ہیں۔ کئی شہریوں کا کہنا تھا کہ انہیں امید ہے کہ 2026 میں وہ تمام خواب پورے ہوں گے جو گزشتہ برس ادھورے رہ گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: نیا سال ، نئی امیدیں،شاندار جشن کیساتھ2026 کاآغاز ہوگیا

یاد رہے کہ رات 12 بجتے ہی ملک بھر میں آتش بازی اور جشن کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں شاندار آتش بازی کی گئی، جبکہ نئے سال کی خوشی میں منچلے ہلہ گلہ کرنے سڑکوں پر نکل آئے۔ 12 بجتے ہی سال نو کے آغاز کے ساتھ آتش بازی اور جشن کا سلسلہ مزید تیز ہوگیا اور مختلف مقامات پر خوشی کا سماں دیکھنے میں آیا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، مظفرآباد اور دیگر شہروں میں نئے سال کی تقریبات منعقد ہوئیں۔ وفاقی دارالحکومت میں ہلکی بارش کے دوران سال کا بھرپور انداز میں استقبال کیا گیا۔ لاہور کے علاقے لبرٹی اور لبرٹی چوک میں پنجاب حکومت کی جانب سے شاندار آتش بازی کا اہتمام کیا گیا، جسے دیکھنے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد امڈ آئی۔

مختلف مقامات پر جشن کا سماں رہا، تاہم بعض علاقوں میں ٹریفک کے دباؤ کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ شہر قائد کراچی میں بھی نئے سال کے موقع پر آتش بازی کے شاندار مناظر دیکھنے میں آئے، تاہم پابندی کے باوجود شہر کے بعض علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے واقعات رپورٹ ہوئے۔

امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے کراچی اور حیدرآباد میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق موٹرسائیکل کی ڈبل سواری، اسلحہ لے کر چلنے اور اس کی نمائش پر پابندی عائد ہے، جبکہ آتش بازی صرف مخصوص اجازت یافتہ مقامات تک محدود رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں:ایف بی آر کوبڑا جھٹکا، پہلی ششماہی میں 321 ارب روپے کا شارٹ فال

دوسری جانب پارک ویو سٹی اسلام آباد میں بھی نئے سال کا جشن بھرپور انداز میں منایا گیا۔ جھیل کے کنارے رنگا رنگ میلے کا انعقاد کیا گیا، جہاں شہریوں نے میوزیکل کنسرٹ سے لطف اٹھایا۔ جشن کے اختتام پر شاندار آتش بازی کی گئی جس سے آسمان رنگوں سے بھر گیا۔ شرکاء نے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کا اہتمام کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔

Scroll to Top