اسلام آباد: نادرا نے چہرے کی شناخت پر مبنی بائیومیٹرک تصدیقی سہولت متعارف کروا دی ہے، جس سے بزرگ شہریوں اور طبی مسائل کے شکار افراد کے لیے فنگرپرنٹس کی تصدیق میں پیش آنے والی مشکلات ختم ہو جائیں گی۔
نادرا کے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی ہدایات پر قومی شناختی کارڈ قوانین میں ترمیم کی گئی ہے، جس کے تحت بائیومیٹرک کی تعریف میں توسیع کی گئی ہے۔ اب شہری چہرے کی شناخت کے ذریعے بائیومیٹرک تصدیق کروا سکیں گے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پاک آئی موبائل ایپ پر بھی چہرے کی شناخت سے بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ 20 جنوری سے نادرا مراکز میں چہرے کی شناخت پر مبنی بائیومیٹرک تصدیقی سرٹیفکیٹ کا اجرا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: پاک آئی ڈی ایپ ،نادرا کی تمام خدمات موبائل فون پردستیاب
نادرا کے مطابق شہری معمولی فیس کے عوض یہ سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے۔ فنگرپرنٹس کی تصدیق نہ ہونے کی صورت میں شہری قریبی نادرا رجسٹریشن مرکز جا کر چہرے کی شناخت کی کارروائی مکمل کروا سکتے ہیں۔ سرٹیفکیٹ پر تصویر، شناختی کارڈ نمبر، نام، ولدیت، منفرد ٹریکنگ آئی ڈی اور کیو آر کوڈ شامل ہوگا اور یہ 7 دن تک قابل استعمال ہوگا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ نادرا اس نظام کے نفاذ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور متعلقہ سرکاری و نجی اداروں سے ضروری اقدامات کی درخواست کر دی گئی ہے۔ 20 جنوری کے بعد سہولت کی دستیابی سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں متعلقہ ادارہ یا محکمہ ذمہ دار ہوگا۔ ڈیجیٹل آئی ڈی کے اجرا کے بعد یہ سہولت پاک آئی ڈی موبائل ایپ پر بھی دستیاب ہو گی۔




