وادی لیپا اس وقت گہرے کالے بادلوں کی لپیٹ میں ہے اور موسم کی صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 2 جنوری تک وادی لیپا اور اس کے گرد و نواح میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، جبکہ بالائی علاقوں اور شاہرائے لیپا پر شدید برفباری متوقع بتائی گئی ہے۔
کشمیر میں مجموعی طور پر موسم کی صورتِ حال بدلنا شروع ہو چکی ہے۔ وادی نیلم کے پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ شہری آبادی میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ موسمی ماہرین کے مطابق اس تبدیلی کو مغربی ہواؤں کے اس سلسلے سے جوڑا جا رہا ہے جو آج سے ملک میں داخل ہو رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا یہ سسٹم آئندہ چند روز کے دوران وقفے وقفے سے بارشوں کا سبب بن سکتا ہے۔ کشمیر میں بھی اس موسمی نظام کے تحت وقفے وقفے سے بارش اور درمیانے درجے کی برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں سردی کی شدت مزید بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
منگل کے روز ملک کے بیشتر بالائی اور مغربی علاقوں میں مطلع ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔ شمال مغربی اور جنوبی بلوچستان کے علاقوں اور بالائی خیبرپختونخوا میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔ اسی طرح شام اور رات کے اوقات میں گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بھی بارش اور برفباری کا امکان ہے، جبکہ شمال مشرقی اور جنوبی پنجاب کے اضلاع میں درمیانی سے شدید دھند چھائے رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وادی نیلم کے پہاڑوں پر برفباری، مغربی ہواؤں کا سسٹم فعال
بدھ کے روز شمالی بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ظاہر کی گئی ہے، جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا، تاہم بالائی اور مغربی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہا اور چند مقامات پر بارش ریکارڈ کی گئی۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں اس دوران درمیانی سے شدید دھند چھائی رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت لہہ میں منفی 8، گوپس میں منفی 4 جبکہ بگروٹ، اسکردو اور دیگر علاقوں میں بھی منفی درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بارشیں اور برف باری، محکمہ موسمیات نے نئے سلسلے کی پیشگوئی کردی
انتظامیہ کے مطابق فی الحال تمام شاہرائیں بحال ہیں، تاہم شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ موسم کے مزید سرد ہونے کے پیش نظر عوام سے غیر ضروری سفر سے گریز اور حفاظتی اقدامات اپنانے کی اپیل کی گئی ہے۔




