سماہنی، ضلع بھمبر :پاکستان آرمی کی خصوصی کاوشوں سے سیزفائر لائن سماہنی ضلع بھمبر آزاد کشمیر میں عوامی فلاح کا ایک بڑا ترقیاتی منصوبہ منظور ہو گیا ہے۔ منصوبے کے تحت مجموعی طور پر 21 کلومیٹر کارپٹ سڑکوں کی تعمیر کی جائے گی۔
منصوبے کے مطابق سدھڑی تا باغسر 10 کلومیٹر جبکہ پونا تا تندڑ ہری پور 11 کلومیٹر طویل سڑک تعمیر کی جائے گی۔ ان سڑکوں کی تعمیر سے علاقے میں آمدورفت کے نظام میں بہتری آئے گی اور عوام کو روزمرہ سفر میں سہولت حاصل ہوگی۔
سڑکوں کی تعمیر سے طلبہ کو تعلیمی اداروں تک رسائی میں آسانی، مریضوں کو طبی سہولیات کے حصول میں سہولت اور کاروباری طبقے کو تجارتی سرگرمیوں میں سہارا ملے گا، جس سے مجموعی طور پر علاقائی ترقی کو رفتار ملنے کی توقع ہے۔
عوام نے اس پیش رفت کو پاک آرمی کی عوام دوست پالیسیوں کا عملی ثبوت قرار دیا ہے۔ عوامی حلقوں کی جانب سے چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل سید عاصم منیر کی قیادت کو بھی سراہا گیا اور ان ترقیاتی اقدامات کو سرحدی علاقوں کے لیے خوش آئند قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: سماہنی : سیاسی جوڑ توڑ ،سابق امیدوار اسمبلی چوہدری محمد رزاق کی ن لیگ میں شمولیت کا امکان
مزید خوشخبری یہ ہے کہ پاک آرمی اور حکومتِ آزاد کشمیر کی جانب سے پونا تندڑ نالہ پر آر سی سی پل کی تعمیر کی بھی منظوری دے دی گئی ہے، جس سے مقامی آبادی کو آمدورفت میں مزید سہولت حاصل ہوگی۔
اسی نوٹس کے مطابق سماہنی اور بھمبر کے ساتھ ساتھ پونچھ اور میرپور ڈویژنز میں بھی متعدد ترقیاتی منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔ پونچھ ڈویژن میں لسڈانہ تا حاجی پیر روڈ کی تعمیر و مرمت، چتر تا شیر کیمپ روڈ کی بحالی، ڈنہ روڈ اور جندالہ روڈ کی توسیع، لکسیر تا چوچل ہل خائے تا جندالہ لنک روڈ، راولاکوٹ تھورار منگ روڈ کی بہتری، پنا چیچن روڈ، فارورڈ کہوٹہ تا نیلی فیری میڈوز روڈ اور چنجال فتح پور تا کرنی مور تا رکھ چکری روڈ شامل ہیں۔
میرپور ڈویژن میں فنی کراس تا ٹھنڈی کسی روڈ کی میٹلنگ، پونا تا تندڑ عبداللہ پور روڈ کے منتخب حصوں کی ری کارپیٹنگ اور پونا کے قریب 30 میٹر طویل آر سی سی پل کی تعمیر کی منظوری دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان آرمی کے کیڈٹ عمیر نزیر کی بین الاقوامی مقابلے میں شاندار فتح
اسی طرح ضلع بھمبر میں سندوعہ کراسنگ تا باغسر قلعہ روڈ اور مٹہ والا تا افتخار آباد روڈ کی میٹلنگ کے منصوبے بھی شامل کیے گئے ہیں، جو مقامی سطح پر سفری سہولتوں اور علاقائی رابطوں کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں گے۔




