کشمیر میں موسم کی صورتِ حال تبدیل ہونا شروع ہو گئی ہے۔ وادی نیلم کے پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ شہری آبادی میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ موسم میں اس تبدیلی کو مغربی ہواؤں کے متوقع سلسلے سے جوڑا جا رہا ہے، جس کے آج سے ملک میں داخل ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا یہ سسٹم آئندہ چند روز کے دوران مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سبب بن سکتا ہے۔ کشمیر میں بھی اس موسمی نظام کے تحت وقفے وقفے سے بارش اور درمیانے درجے کی برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ بلوچستان کے 23 اضلاع میں آج سے 31 دسمبر تک بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ان اضلاع میں کوئٹہ، زیارت، قلات، چمن، پشین اور قلعہ عبداللہ شامل ہیں جہاں بارش متوقع ہے۔ اسی طرح قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی، ژوب، بارکھان، سبی، لورالائی اور موسیٰ خیل میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مغربی ہوائیں ملک میں داخل، مختلف شہروں میں بارشوں،برفباری کی پیشگوئی
مزید بتایا گیا ہے کہ بلوچستان کے ساحلی اور جنوبی اضلاع کیچ، گوادر، لسبیلہ، آواران، چاغی، پنجگور، خضدار، واشک اور خاران میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے اسی سسٹم کے تحت شمالی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔
ادھر 30 دسمبر سے یکم جنوری تک خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی موسم کی صورتحال بدلنے کا امکان ہے۔ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، باجوڑ، مہمند، صوابی اور کوہاٹ میں تیز ہواؤں کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ان علاقوں کے بالائی حصوں میں درمیانی سے شدید درجے کی برفباری کی بھی توقع کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مغربی ہواؤں کا سلسلہ کل ملک میں داخل ہونے کا امکان، بارشوں کی پیشگوئی
اسی طرح 30 دسمبر سے 2 جنوری کے دوران گلگت بلتستان کے علاقوں دیامیر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت اور شگر میں بارش اور برفباری ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس موسمی نظام کے اثرات مختلف علاقوں میں سردی اور نمی میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔




