وزیراعظم فیصل

فیصل راٹھور کے 41روز ،ایوان میں کیا تبدیلی آئی ؟ عوام نے رائے دیدی

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل نیوز) آزاد جموں و کشمیر کی موجودہ حکومت کو اقتدار سنبھالے 41 روز مکمل ہو چکے ہیں ۔

اس مختصر عرصے کے دوران وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے عوام سے براہِ راست رابطہ بحال کرنے ، مسائل سننے اور مختلف ترقیاتی و اصلاحاتی اعلانات کرنے پر خصوصی توجہ دی ہے ، جس پر شہریوں کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے ۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ موجودہ وزیراعظم نے اقتدار سنبھالتے ہی  پی ایم ہاؤس کے دروازے عوام کے لیے کھول دئیے ہیں اور مختلف علاقوں سے آنے والے وفود ، سائلین اور عوامی نمائندوں سے ملاقاتیں کیں، جس سے یہ تاثر ملا کہ حکومت عوامی مسائل سننے میں سنجیدہ ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:اساتذہ کواب مطالبات منوانے کیلئے سڑکوں پر آنے کی ضرورت نہیں پڑیگی، فیصل راٹھور

بعض شہریوں کے مطابق ان کا یہ  طرزِ عمل ماضی کے سیاست دانوں کے مقابلے میں بہتر ہے اور اس سے اعتماد کی بحالی میں مدد ملی ہے ۔

وزیراعظم کی جانب سے روزگار ، تعلیم ، صحت اور شہری سہولیات کے حوالے سے کیے گئے اعلانات کو بھی عوامی حلقوں میں توجہ کا مرکز قرار دیا جا رہا ہے ۔

نوجوانوں اور طلبہ نے ملازمتوں اور تعلیمی منصوبوں سے متعلق وعدوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان پر عملدرآمد ہوا تو یہ عوام کے لیے بڑی سہولت ثابت ہوں گے ۔

تاہم دوسری جانب کچھ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ اعلانات اور ملاقاتیں مثبت پیش رفت ہیں، لیکن عملی کام اور زمینی نتائج ابھی واضح طور پر نظر نہیں آ رہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ہر چیز کیلئے سڑکیں بند کرنا مناسب نہیں، وفاق سے پیکیج ملنے پر بجلی بحران ختم ہوگا، وزیراعظم فیصل راٹھور

ان کا کہنا ہے کہ عوام کو صرف بیانات نہیں بلکہ فوری اور مؤثر اقدامات کی توقع ہے، خاص طور پر مہنگائی، بجلی، صحت اور روزگار جیسے مسائل کے حل کے لیے ۔

Scroll to Top