مغربی ہواؤں کا سلسلہ کل ملک میں داخل ہونے کا امکان، بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ کل سے ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث آئندہ چند روز کے دوران مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ سلسلہ 30 دسمبر سے مزید مضبوط ہوگا اور 31 دسمبر کے روز ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا، جبکہ اس کے 2 جنوری 2026 تک بالائی علاقوں میں برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان:
محکمہ موسمیات کے مطابق 30 دسمبر (شام/رات) سے 2 جنوری کے دوران کشمیر کے علاقوں وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش اور درمیانے درجے کی برفباری کا امکان ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان کے علاقوں دیامیر، استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں بھی بارش اور برفباری کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔

خیبر پختونخوا:
30 دسمبر اور یکم جنوری کے دوران چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، وزیرستان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، بنوں، کرک، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور کوہاٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں درمیانی سے شدید درجے کی برفباری کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بارشیں اور برف باری، محکمہ موسمیات نے نئے سلسلے کی پیشگوئی کردی

پنجاب اور اسلام آباد:
محکمہ موسمیات کے مطابق 30 دسمبر (شام/رات) سے 2 جنوری کے دوران مری اور گلیات میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔ 31 دسمبر اور یکم جنوری کو اسلام آباد، راولپنڈی، خطہ پوٹھوہار، سرگودھا، فیصل آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، شیخوپورہ اور گجرات میں بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ اسی روز میانوالی، بھکر، خوشاب، نورپورتھل، لیہ، ڈیرہ غازی خان، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان، بہاولنگر، مظفرگڑھ، جھنگ اور ساہیوال میں بھی چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

سندھ:
محکمہ موسمیات کے مطابق انہی ایام کے دوران سندھ کے علاقوں کراچی، حیدرآباد، دادو، جیکب آباد، کشمور، لاڑکانہ، ٹھٹھہ، بدین اور گردونواح میں چند مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا میں بارش اور شدید برف باری کے باعث نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا

بلوچستان:
بلوچستان میں آج رات سے 31 دسمبر کے دوران کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی، ژوب، قلات، بارکھان، سبی، لورالائی، موسیٰ خیل، تربت، گوادر، جیوانی، لسبیلہ، کیچ، آواران، چاغی، پنجگور، خضدار، واشک اور خاران میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

Scroll to Top