عمل درآمد

20 روز سے جاری جھڑپوں کے بعد تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جنگ بندی پر عملدرآمد شروع

20 روز سے جاری جھڑپوں کے بعدتھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان جنگ بندی پر عمل درآمد شروع ہوگیا ۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ جنگ بندی تین روز کے مذاکرات کے بعد عمل میں آئی اور مقامی وقت کے مطابق ہفتے کی شام 5 بجے سے شروع ہو گئی ۔

دونوں ممالک کے مشترکہ بیان میں فوری جنگ بندی، فوجیوں کی تمام نقل و حرکت کو منجمد کرنے اور سرحدی علاقوں کے شہریوں کو اپنے گھروں کو واپس جانے کی اجازت دینے پر اتفاق کیا گیا ہے ۔

علاوہ ازیں دونوں ملک تخریب کاری اور سائبر جرائم کے خلاف تعاون کرنے پر بھی راضی ہو گئے ہیں ۔

بیان کے مطابق جنگ بندی کے 72 گھنٹے مکمل ہونے کے بعد تھائی لینڈ کی حراست میں موجود کمبوڈیا کے 18 فوجیوں کو رہا کیا جائے گا، جو جولائی سے وہاں زیرِ حراست ہیں ۔

واضح رہے کہ گزشتہ 20 روز سے جاری سرحدی جھڑپوں میں کم از کم 101 افراد ہلاک اور تقریباً 50 لاکھ لوگ بے گھر ہو چکے ہیں ۔

تنازعے کی جڑیں:
تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان سرحدی اختلافات ایک صدی سے زائد پرانے ہیں ۔ 817 کلومیٹر طویل زمینی سرحد کے مختلف غیر واضح حصے دونوں ممالک کے لیے خودمختاری کا مسئلہ بنے ہوئے ہیں ۔

یہ تنازعہ فرانس کے نوآبادیاتی دور سے جڑا ہوا ہے ، جب فرانس نے 1953 تک کمبوڈیا پر قابض رہتے ہوئے سرحدی حدود کا تعین کیا ۔

رواں سال مئی میں کشیدگی شدت اختیار کر گئی تھی ، جب دونوں ممالک کی افواج کے درمیان متنازع علاقے میں مختصر فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک کمبوڈین فوجی ہلاک ہوا ۔ اس واقعے کے بعد دونوں حکومتوں نے جوابی اقدامات اٹھائے ۔

تھائی لینڈ نے سرحدی پابندیاں عائد کیں ، جبکہ کمبوڈیا نے تھائی فلموں کی نشریات پر پابندی، پھل و سبزی کی درآمد بند کرنے اور انٹرنیٹ بینڈوڈتھ کم کرنے کا فیصلہ کیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:یورپ میں روزگار کے دروازے کھل گئے، پاکستانیوں کیلئے بڑی خبر

Scroll to Top