فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلنس سے نواز دیا گیا

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں علاقائی امن اور انسداد دہشت گردی کے شعبے میں تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، سعودی عرب کے سرکاری دورے کے دوران ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال، دفاعی اور عسکری تعاون، سٹریٹجک اشتراک اور بدلتے ہوئے جغرافیائی و سیاسی چیلنجز شامل تھے۔

یہ ملاقات پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی، گہرے اور برادرانہ تعلقات کو ایک بار پھر مضبوط کرنے کا موقع ثابت ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: 157 اسلامی ممالک میں محافظِ حرمین کا اعزاز پاکستان کو ملا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خطاب

اسی دوران، خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے جاری کردہ شاہی فرمان کے تحت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو سعودی عرب کا اعلیٰ ترین قومی اعزاز کنگ عبدالعزیز میڈل (اعلیٰ درجے) سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز ان کی ممتاز عسکری خدمات، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون، سٹریٹجک ہم آہنگی اور ادارہ جاتی روابط کو فروغ دینے میں کردار کے اعتراف میں دیا گیا۔

یہ اعزاز علاقائی امن و استحکام، خصوصاً انسدادِ دہشت گردی اور سلامتی کے شعبوں میں مستقل تعاون کے لیے ان کی خدمات کا بھی عکاس ہے۔ سعودی قیادت نے فیلڈ مارشل کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور سٹریٹجک وژن کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو مضبوط کرنے میں ان کے عزم کی تعریف کی۔

یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورۂ لیبیا، فوجی قیادت سے اہم ملاقاتیں

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اعزاز پر خادمِ حرمین شریفین اور سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کی مضبوط علامت قرار دیا اور سعودی مملکت کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

Scroll to Top