بارش

چمن شہر اور گردونواح میں بارش ، کھمبے، دیواریں گر گئیں ، درخت اکھڑ گئے ، بجلی معطل

چمن شہر اور اس کے گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس کے باعث معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہو گئے ۔

بارش اور آندھی کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں بجلی کے متعدد کھمبے گر گئے ، کچی اور پکی دیواریں منہدم ہو گئیں جبکہ کئی مقامات پر درخت جڑ سے اکھڑ گئے ۔ اچانک آنے والی اس خراب موسم کی صورت حال نے شہریوں کو مشکلات سے دوچار کر دیا ۔

چمن کے علاوہ قلعہ عبداللہ اور توبہ اچکزئی میں بھی تیز بارش ریکارڈ کی گئی ، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ۔ شدید موسم کے بعد شمالی بالائی بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی سپلائی مکمل طور پر معطل ہو گئی، جس سے گھریلو اور تجارتی سرگرمیاں متاثر ہوئیں ۔ بجلی کی بندش کے باعث شہریوں کو رات گئے تک مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کشمیر،گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر برفباری،مختلف علاقوں میں بارش کا امکان

بالائی پہاڑی علاقوں میں بارش کے ساتھ تیز ژالہ باری بھی ہوئی، جس سے فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں ۔ کان مہترزئی کے پہاڑی سلسلوں پر موسم سرما کی پہلی برف باری ریکارڈ کی گئی ، جس سے موسم مزید سرد ہو گیا۔ ادھر خیبر پختونخوا کے ضلع چترال لوئر اور اپر میں بھی وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی اطلاعات موصول ہوئیں ۔

آزاد کشمیر کی وادی نیلم کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا جبکہ بلند پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران بالائی علاقوں میں مزید بارش اور برفباری کا امکان ہے ، جس کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:دبئی میں گرج چمک کیساتھ موسلادھاربارش ، پولیس نے انتباہ جاری کردیا

Scroll to Top