پی ایس ایل 11 کے شیڈول کی تفصیلات سامنے آ گئیں

اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کے میچز کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل 2026 کا آغاز 26 مارچ سے ہوگا اور یہ 3 مئی تک ملک کے 5 شہروں میں کھیلا جائے گا، جس میں مجموعی طور پر 44 میچز ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق 8 ٹیموں کا ایونٹ سنگل لیگ کی بنیاد پر ہوگا اور ہر ٹیم کو کم از کم 10 میچ کھیلنے کا موقع ملے گا۔ پی ایس ایل 11 میں مجموعی طور پر 39 دنوں میں 44 میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں 28 میچز ہوں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں 8 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، ہر گروپ میں 4 ٹیمیں شامل ہوں گی۔ سپر فور مرحلے میں ہر ٹیم 3-3 میچز کھیلے گی اور اس مرحلے میں مجموعی طور پر 12 میچز ہوں گے۔ سپر فور مرحلے کے بعد دونوں گروپس کی 2 ٹاپ ٹیمیں پلے آف کھیلیں گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مظفرآباد میں پی ایس ایل 11 کے میچز کرانے کا بھی عزم ظاہر کیا ہے۔ پی سی بی کے چیئرمین سید محسن رضا نقوی نے کہا کہ مظفرآباد اسٹیڈیم میں میچز کرانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، جس سے ملک میں کرکٹ کے نئے مراکز کو فروغ دینے کا عزم ظاہر ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد میں پی ایس ایل 11 کے میچز، پی سی بی کے بڑے منصوبے منظور

ذرائع کے مطابق بورڈ آف گورنرز کا اجلاس چیئرمین محسن نقوی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں اہم ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی کی تعمیرِ نو کے دوسرے مرحلے کی باقاعدہ منظوری دی گئی، لاہور سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن گراؤنڈ کو اوول گراؤنڈ کی طرز پر اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اور ایل سی سی اے گراؤنڈ میں جدید سہولیات فراہم کرنے کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:پی ایس ایل 26 مارچ 2026 سےشروع ہوگی، چیئرمین محسن نقوی کا اعلان

اجلاس میں بورڈ کے ارکان نے لندن اور نیویارک میں منعقد ہونے والے پی ایس ایل روڈ شوز کی کامیابی اور سری لنکن ٹیم کے حالیہ دورے کو سراہا۔ چیئرمین محسن نقوی نے واضح کیا کہ یہ تمام کامیابیاں پی سی بی اور پی ایس ایل ٹیم کی مشترکہ کاوشیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مظفرآباد اسٹیڈیم میں مستقبل میں بین الاقوامی میچز بھی کرائے جائیں گے۔

Scroll to Top