امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کے خلاف زمینی کارروائی کا عندیہ دیدیا ہے۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ منشیات اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اقدامات کررہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ وینزویلا میں اب صورت حال جلد ہی زمینی کارروائی تک پہنچنے والی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کا ’’گولڈ کارڈ‘‘ اجراء، سرمایہ کاروں کیلئے نیا ریزیڈنسی پروگرام
امریکی صدر کاکہنا تھا کہ وہ وینزویلا سے ہونے والی منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ صدر ٹرمپ نے ان اقدامات کو امریکی سرزمین اور عوام کی حفاظت کے لیے ضروری قرار دیا۔
ادھر امریکا نے وینزویلا کے ساحل کے قریب تیل بردار جہاز پر قبضےکے بعد 6 بحری جہازوں اور وینزویلا کے صدر کے خاندان کے 3 افراد پر پابندیاں عائد کر دیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق پابندی کی زد میں آنے والے بحری جہازوں کا تعلق وینزویلا سے ہے۔ امریکی محکمہ خزانہ نے اس اقدام کی وجہ غیر قانونی تیل کی تجارت روکنے کو قرار دیا۔
رپورٹس کے مطابق امریکا نے گزشتہ روز وینزویلا کے قریب پکڑے گئے ٹینکر کا تیل ضبط کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں: وینزویلا کیخلاف زمینی کارروائی ، ٹرمپ کا دوٹوک موقف سامنے آگیا
اس حوالے سے ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولائن لیوٹ نے دعویٰ کیا کہ ٹینکر ایران کیلئے غیرقانونی طریقے سے تیل لے جارہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹینکر کے عملے سے پوچھ گچھ جاری ہے، شواہد بھی اکٹھے کیے جارہے ہیں۔
وینزویلا کے وزیرخارجہ نے امریکی کارروائی سمندری ڈکیتی قرار دیدی اور کہا کہ امریکا وینزویلا کے وسائل ہتھیانے کا منصوبہ بنارہا ہے ۔




