آزادکشمیر میں 3نئے ہائیڈروپاور پراجیکٹس کی تعمیر کی منظوری

مظفرآباد : آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) حکومت نے خطے میں 3نئے ہائیڈرو پاور پراجیکٹس کی تعمیر کی انتظامی منظوری دے دی ہے۔

محکمہ توانائی اور آبی وسائل کی طرف سے جاری کردہ الگ الگ نوٹیفکیشنز میں کہا گیا ہے کہ ان منصوبوں کی منظوری سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے 10 اکتوبر 2025 کو ہونے والے اپنے اجلاس میں دی تھی۔

منظور شدہ منصوبوں میں ضلع حویلی میں 2.71 میگاواٹ خورشید آباد ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، ضلع نیلم میں 3.0 میگاواٹ پھلاوہی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور مظفر آباد میں 1.95 میگاواٹ نوشہرہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ شامل ہیں۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ خورشید آباد ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی کل منظور شدہ لاگت 1271.2 ملین روپے ہے، جبکہ پھلوائی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لیے 1089.4 ملین روپے اور نوشہرہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لیے 1058.8 ملین روپے مقرر کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، 15 ارب کا منصوبہ 510 ارب تک کیسے پہنچا؟ دومرتبہ بندش سے کتنا نقصان پہنچا؟

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن بجلی کے ڈپارٹمنٹ کے ساتھ مشاورت کرے گی تاکہ بجلی کی تقسیم کے طریقہ کار (T&D نیٹ ورک) کو حتمی شکل دینے کے ساتھ ساتھ اس منصوبے کی پائیداری کے لیے ٹیرف کے طریقہ کار کو بھی حتمی شکل دی جا سکے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق خورشید آباد اور نوشہرہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹس پر عمل درآمد 36 ماہ (جولائی 2028) میں کیا جائے گا۔

حکومت نے نیلم میں پھلوائی ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے نفاذ کے لیے 48 ماہ (جولائی 2029) کی ٹائم لائن مقرر کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور چین کا کوہالہ ، محل ہائیڈرو پاور پراجیکٹس جلد مکمل کرنے پر اتفاق

Scroll to Top