بریگیڈیئر راشدنصیر پر لگائے گئے الزامات کا کوئی دفاع نہیں،عادل راجہ نے معافی مانگ لی

لندن(کشمیر ڈیجیٹل)لندن ہائی کورٹ کے حکم پر یوٹیوبر عادل راجا نے بریگیڈیئر ریٹائرڈ راشد نصیر سے جھوٹے الزامات اور کردار کشی پر تحریری معافی مانگتے ہوئے تسلیم کیا ہے کہ ان کے پاس اس حوالے سے ثبوت نہیں ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری معافی نامے میں عادل راجا نے لکھا کہ عدالت نے کہا جون 2022 میں لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور ہتک آمیز تھے اور9 اکتوبر 2025 کو فیصلے میں مجھے ذمہ دار ٹھہرایا گیا۔

عادل راجا نے ٹویٹ میں کہا کہ مجھے راشد نصیر کو 50 ہزار پاؤنڈ ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے، عدالت نے میرے خلاف قانونی اخراجات بھی منظور کیے ہیں۔

بے بنیاد الزامات کا اعتراف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ14 سے 29 جون 2022 کے دوران میں نے ہتک آمیز الزامات لگائے تھے اور میرے پاس ان الزامات کا کوئی دفاع موجود نہیں تھا لہٰذا میں لندن ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق معافی مانگتا ہوں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:عادل راجہ جھوٹا قرار،لندن عدالت نےبریگیڈیئر راشد نصیر کے حق میں فیصلہ سنادیا

یوٹیوبرعادل راجہ (adil raja)نےبریگیڈیئر ریٹائرڈ راشد نصیر کو بدنام کرنے کا الزام تسلیم کرلیا۔

ہائی کورٹ کے ڈپٹی جج رچرڈ اسپئیرمین کے حکم کے مطابق عادل راجا نے اپنے خلاف فیصلے کا خلاصہ سوشل میڈیا کے تمام پلیٹ فارمز پر شائع کردیا۔

خلاصے میں عادل راجہ کا  مزید کہنا ہے کہ ہائی کورٹ نے مجھے 9 اکتوبر 2025 کو راشد نصیر کو 50 ہزار پاؤنڈ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

عادل راجہ نے یہ بھی کہا ہے کہ 14 اور 29 جون 2022کے درمیان میں نے راشد نصیر کے خلاف متعدد ہتک آمیز الزامات لگائے، میرے پاس ان کا دفاع نہیں،انہوں نے مکمل فیصلے کا لنک بھی شائع کردیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان نے برطانیہ کو شہزاد اکبر اور عادل راجہ کی حوالگی پر مشروط پیشکش کردی

یاد رہے عادل راجا نے سوشل میڈیا کے پلیٹ فارمز پر بریگیڈئیر(ر) نصیر کے خلاف بدعنوانی، انتخابی دھاندلی کے الزامات لگائے تھے۔

راشد نصیر کے عادل راجا کے خلاف ہتک عزت کے مقدمہ کا فیصلہ لندن ہائی کورٹ نے اکتوبر میں سنا دیا تھا،عدالتی حکم کے مطابق اب وہ یہ الزمات نہیں دہرا سکیں گے۔

جج نے اپنے آرڈر میں عادل راجا کو بریگیڈیر(ر) نصیر کو ہرجانے کی مد میں 22 دسمبر تک 50 ہزار پاؤنڈ ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔

عادل راجا کو ابتدائی عدالتی اخراجات کے ضمن میں 2 لاکھ 60 ہزار پاؤنڈ بھی ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے،معافی 28 دن تک عادل راجا کے ایکس ( ٹوئٹر )، فیس بک، یوٹیوب اور ان کی ویب سائٹ کے پیج پر موجود رہے گی۔

Scroll to Top