پرائیویٹ پریکٹس کی اجازت، ڈاکٹرزطرزپرالاؤنس دیاجائے،پیرا میڈیکس کامطالبہ

مظفر آباد (کشمیر ڈیجیٹل )پیرا میڈیکل سٹاف کے حقوق کاعالمی دن دنیا بھر سمیت پاکستان و آزادکشمیر میں اس عزم کے عہدکی تجدید کے ساتھ منایا گیا کہ پیرا میڈیکل سٹاف دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے کوشاں رہے گا۔

پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے زیراہتمام دارالحکومت کے دوسرے بڑے ہسپتال عباس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز امبور میں کیک کاٹنے کی تقریب اور واک کا انعقاد کیاگیا۔ تقریب کی صدارت پیرامیڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل راجہ شاہد منیر نے کی جبکہ مرکزی نامزد سیکرٹری جنرل سید سجاد حسین نقوی مہمان خصوصی تھے۔

تقر یب میں قاضی تنویرحسین، غلام فرید نواز،سید لیاقت حسین نقوی، راجہ صداقت خان، ملک جاوید حسین اعوان، راجہ رفاقت خان، واجد چوہدری، راجہ عامرالیاس، راجہ اسد نصاب،سید وقار حسین گیلانی، قاضی سہیل احمد کے علاوہ کثیر تعداد میں پیرامیڈیکل سٹاف نے شرکت کی، اس موقع پر کیک کاٹا گیا جس  کے بعد واک کا انعقاد کیاگیا۔

واک سے خطاب کرتے ہوئے قائدین راجہ شاہد منیر، سید سجاد حسین نقوی، قاضی تنویرحسین، غلام فرید نواز، سید لیاقت حسین ودیگر نے کہا کہ پیرامیڈیکل سٹاف کوڈاکٹرز کے برابر الاؤنس دئیے جائیں پیرامیڈیکس ریاست کے 90فیصد مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات بہم پہنچا رہے ہیں۔

الائیڈہیلتھ آئین کے تحت پیرا میڈیکل سٹاف کی تمام ٹیکنالوجی کے پیرامیڈیکس کو پرائیویٹ پریکٹس کی اجازت دی جائے اور ہیلتھ کیئر الاؤنس،نان پریکٹس الاؤنس ڈاکٹرز طرز پر پیرامیڈیکس کو بھی دیاجائے۔پیرامیڈیکس ڈاکٹرز سے زیادہ مریض کے قریب ڈیوٹی امور بجالارہے ہوتےہیں،پیرامیڈیکل سٹاف کو بنیادی سکیل بی 12دیاجائے۔

ڈپلومہ سرٹیفکیٹ تجربہ کی بنیاد پر جو 75فیصد کوٹہ ہے اس کے تحت ترقیابی عمل میں لائی جائے بی اے کی شرط کا خاتمہ کیاجائے، پیرا میڈیکل سٹاف کی ڈپلومہ،سنیارٹی کی بنیاد پرتعیناتی،ترقیابی ہوتی ہے، اپنی سروس بھی اسی بنیاد پر سرانجام دیتے ہیں،سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں سکیل بی 16اور17میں ترقیاں عمل میں لائی جائیں۔

 

Scroll to Top