اسلام آباد: وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور سے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے ملاقات کی۔ اس موقع پر امیر مقام نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کے اہم امور پر بات چیت کی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے تعاون بڑھانے پر زور دیا۔
ملاقات میں وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور اور وفاقی وزیر امیر مقام نے آزاد کشمیر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ امیر مقام نے یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر میں ترقیاتی عمل کو تیز کرنے اور عوام کی بھلائی کے لیے اپنا مکمل تعاون جاری رکھے گی۔
یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی عمران خان کا پمز ٹیم کے ذریعے تفصیلی طبی معائنہ
دوران ملاقات، دونوں رہنماؤں نے کشمیر کے مسئلے کو بین الاقوامی سطح پر مؤثر طریقے سے اجاگر کرنے پر بھی بات کی اور اس بات پر زور دیا کہ کشمیر کے حقائق عالمی فورمز پر بھرپور طریقے سے پیش کیے جائیں گے۔ وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ خطے میں ترقی کے عمل کو مزید تیز کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر میں بڑی سیاسی پیش رفت، راجہ ثاقب مجید کے حامی مسلم لیگ (ن) میں شامل
وزیراعظم آزاد کشمیر نے اس موقع پر وفاقی وزیر کی نیک خواہشات کا شکریہ ادا کیا اور عوام کی خدمت اور خطے کی ترقی کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔ فریقین نے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور عوامی فلاح کے منصوبوں کی رفتار بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔




