انڈین ویمن کرکٹر سمریتی مندھنا نے اپنے منگیتر میوزک کمپوزر پلاش موچل کے ساتھ طے شدہ شادی منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تصدیق کی ہےکہ ان کی شادی اب نہیں ہو رہی۔
خیال رہےکہ دونوں کی شادی گزشتہ ماہ 23 نومبرکو ہونا تھی، شادی کی تیاریاں مکمل تھیں کہ شادی والے روز سمریتی مندھنا کے والدکو دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے شادی ملتوی کر دی گئی، اگلے روز پلاش موچل خود بھی طبیعت کی خرابی کے باعث اسپتال میں داخل ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: میچ فکسنگ کے الزام پر بنگلادیشی خاتون کرکٹر پر 5 سال کی پابندی عائد
اس دوران شادی کی نئی تاریخ کا بھی اعلان نہیں کیا گیا اور جب خاتون کرکٹر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے اپنی شادی سے متعلق تمام پوسٹس ڈیلیٹ کیں تو قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں اور افواہیں گردش کرنے لگیں۔
اب اتوار کو دونوں نے اپنی اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر بیانات جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کی شادی اب نہیں ہو رہی، اس وضاحت کے بعد دونوں نے انسٹاگرام پر ایک دوسرےکو ان فالو بھی کر دیا۔
سمریتی نے انسٹاگرام اسٹوریز پر لکھا کہ گزشتہ چند ہفتوں میں میری زندگی کے بارے میں بہت سی قیاس آرائیاں ہوئی ہیں اور مجھے لگتا ہے کہ اس وقت میرا بات کرنی ضروری ہے۔
میں ایک بہت نجی شخصیت ہوں اور ایسے ہی رہنا چاہتی ہوں، لیکن میں واضح کرنا چاہتی ہوں کہ میری شادی اب نہیں ہو رہی، میں چاہتی ہوں کہ یہ معاملہ یہاں ختم ہو جائے۔
آپ سے گزارش کرتی ہوں کہ دونوں خاندانوں کی پرائیویسی کا احترام کریں اور ہمیں آگے بڑھنے کا موقع دیں۔
انہوں نے کہا میرے لیے یہ ہمیشہ اہم رہا ہےکہ میں اعلیٰ سطح پر اپنے ملک کی نمائندگی کروں، میں امیدکرتی ہوں کہ میں بھارت کے لیے کھیلتی رہوں اور ٹرافیاں جیتتی رہوں۔
یہی میرا ہمیشہ فوکس رہےگا، آپ سب کی حمایت کا شکریہ، اب آگے بڑھنے کا وقت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انگلش کرکٹرمعین علی نے آئی پی ایل چھوڑدی، پی ایس ایل کھیلنے کیلئے تیار
میوزک کمپوز ر پلاش موچل نے بھی انسٹاگرام اسٹوریز پر لکھا کہ میں نے اپنی زندگی میں آگے بڑھنے اور اپنے ذاتی تعلقات سے ایک قدم پیچھے ہٹنےکا فیصلہ کیا ہے۔
میرے لیے یہ دیکھنا بہت مشکل رہا ہےکہ لوگ بغیر کسی بنیاد کے افواہوں پر اتنی آسانی سے ردعمل ظاہر کرتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ جو لوگ جھوٹی معلومات شیئر کریں گے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔




