ڈکی بھائی

اپنی فیملی کو کرپٹ مافیا کے ہاتھوں سے نجات دلانے پر فیلڈ مارشل کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ڈکی بھائی

معروف سوشل میڈیا شخصیت اور ٹک ٹا کر اسٹار ڈکی بھائی نے حال ہی میں ایک ویڈیو میں اپنی فیملی کو کرپٹ عناصر سے محفوظ رکھنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستان کی ملٹری انٹیلیجنس  کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام نے نہایت پروفیشنل انداز میں کارروائی کر کے ان کے خاندان کو خطرناک صورت حال سے بچایا ۔

ڈکی بھائی نے کہا کہ یہ کارروائی پاکستان کی تاریخ میں نایاب نوعیت کی ہے اور اس کے لیے تمام کریڈٹ ملکی انٹیلیجنس ایجنسیز کو جاتا ہے ۔

انہوں نے اپنی ویڈیو میں واضح کیا کہ کرپٹ مافیا کے خلاف یہ اقدام بے حد اہم اور موثر تھا اور اس کے اثرات عوامی سطح پر بھی محسوس کیے جا سکتے ہیں ۔

ان کے اس بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملٹری انٹیلیجنس اور دیگر متعلقہ اداروں کی کارروائی نے ان کے خاندان کو براہ راست تحفظ فراہم کیا، جس پر وہ نہایت شکر گزار ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:معروف یوٹیوبر سعد الرحمن عرف ڈکی بھائی کیمپ جیل سے رہا

انہوں نے مزید کہا کہ یہ کارروائی نہ صرف ان کی فیملی بلکہ معاشرے کے لیے بھی ایک مثبت پیغام ہے کہ قانونی اور پروفیشنل اقدامات کے ذریعے کرپشن اور مافیا کے اثرات ختم کیے جا سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ ڈکی بھائی کو 17 اگست کو جوا ایپس کے ذریعے منی لانڈرنگ کے الزام میں لاہور ایئرپورٹ سے بیرون ملک جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔

لاہور ہائیکورٹ نے 10 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض یوٹیوبر ڈکی بھائی کی درخواست ضمانت منظور کی تھی اور انہیں 26 نومبر کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔

رہائی کے تین روز بعد ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب جتوئی نے انسٹاگرام سٹوری پر بتایا کہ وہ اس وقت سوشل میڈیا سے وقفہ لے رہے ہیں، رہائی کے بعد نہ انہوں نے کوئی نیا کونٹینٹ بنایا ہے اور نہ ہی کسی کے ساتھ تصویر بنوائی ہے۔

عروب جتوئی نے لوگوں سے درخواست کی تھی کہ وہ افواہوں یا جھوٹی معلومات پر یقین کر کے غلط فہمی کا شکار نہ ہوں، ڈکی بھائی جلد واپسی کریں گے اور پہلے سے زیادہ مضبوط انداز میں اپنا سفر دوبارہ شروع کریں گے۔

Scroll to Top