بھارت میں گزشتہ چار روز سے پروازوں کے شیڈول میں شدید تعطل اور سیکڑوں پروازیں منسوخ ہونے کے باعث ایک جوڑے کو اپنی ہی شادی کے استقبالیے میں آن لائن شرکت کرنا پڑ گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہوبلی شہر کی میدھا کشرساگر اور بھوبنیشور کے سانگما داس نے 23 نومبر کو بھوبنیشور میں شادی کی تھی۔ اسی کے ساتھ انہوں نے 3 دسمبر کو ہوبلی میں اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے لیے استقبالیے کا انتظام بھی کر رکھا تھا، جس کے لیے مہمانوں کو دعوت نامے ارسال کیے جا چکے تھے اور تقریب کی تمام تیاریاں مکمل ہو چکی تھیں۔
تاہم بھارتی ایئر لائن انڈیگو کی پروازیں منسوخ ہونے کی وجہ سے یہ جوڑا اپنی ہی تقریب میں شرکت نہیں کر سکا۔ جوڑے نے 2 دسمبر کو بھوبنیشور سے بینگلورو اور وہاں سے ہوبلی پہنچنے کا منصوبہ بنایا تھا، لیکن منگل کی صبح سے بدھ کی علی الصبح تک ان کی پروازوں میں مسلسل تاخیر ہوتی رہی۔ بالآخر 3 دسمبر کو تمام پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جس کے بعد جوڑا اپنی منزل تک نہ پہنچ سکا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی ایئرلائن انڈیگو کی 500 سے زائد فلائٹس منسوخ،ایئرپورٹ پر افراتفری
چونکہ استقبالیے کی تمام تیاریاں مکمل تھیں اور زیادہ تر مہمان پہنچ چکے تھے، اس لیے دلہا اور دلہن کے والدین نے فیصلہ کیا کہ تقریب کو مؤخر نہ کیا جائے۔ اس کے بجائے جوڑے کی آن لائن شرکت کا انتظام کیا گیا، جسے تقریب میں نصب اسکرین پر براہِ راست دکھایا گیا تاکہ تمام مہمان انہیں دیکھ سکیں۔
یہ بھی پڑھیں:روسی صدر کی انڈیا آمد پر بھارتیوں کی پوجاپاٹ، سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے
خیال رہے کہ بھارت میں پروازوں کا شیڈول مسلسل چوتھے روز بھی بری طرح متاثر ہے، جبکہ انڈیگو ایئر لائن اپنی ایک ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کر چکی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق فضائی سفر کو مزید محفوظ بنانے کے لیے بھارتی حکام نے پائلٹس کے اوقات کار پر نئی پابندیاں اور رات کی پروازوں کے لیے سخت قواعد نافذ کیے ہیں۔ انڈیگو نے اعتراف کیا ہے کہ وہ یکم نومبر کی ڈیڈلائن سے قبل ان قواعد کے نفاذ کی مناسب تیاری نہ کر سکی، اسی لیے دسمبر کے مصروف ٹریول سیزن کے آغاز میں بڑے پیمانے پر پروازوں کی منسوخی ہوئی جس کے باعث ہزاروں مسافر ایئرپورٹس پر پھنس گئے۔




