اسلام آباد(کشمیرڈیجیٹل)وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے وفاقی حکومت اور جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مابین معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس کے دوران وفاقی حکومت اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان طے شدہ معاہدے کے نکات پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ممبران کے تحفظات سنے اور باقی ماندہ نکات پر فوری عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات، نوٹیفکیشن جاری
وفاقی وزراء کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی اولین ترجیح ہے، وفاقی حکومت نے آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کیلئے وافر ترقیاتی فنڈز فراہم کئے ہیں
عوام کی فلاح و بہبود اور خطے کی تعمیر و ترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری، آزاد کشمیر حکومت کے وزراء دیوان علی خان چغتائی، چوہدری قاسم مجید، سیکرٹری امور کشمیر ظفر حسن، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان، جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے رکن شوکت نواز میر ، امتیاز اسلم اور عمر نذیر کشمیری نے شرکت کی۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان نے معاہدے پر شق وار پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جن نکات کا تعلق حکومتِ آزاد کشمیر سے ہے اُن میں سے بیش تر نکات پر عملدرآمد مکمل ہوچکا ہے جبکہ آئینی ترمیم سے متعلق امور پر بھی کام جاری ہے۔




