نجی ایئرلائن میں خواتین امیدواروں کے لیے سنہری موقع، واک اِن انٹرویوز

نجی ایئرلائن ایئر سیال نے اپنی کیبن کریو ٹیم میں توسیع کے لیے خواتین امیدواروں کی بھرتی کا اعلان کر دیا ہے۔ ایئر سیال کے مطابق یہ بھرتی مہم نئے روٹس پر معیاری سروس برقرار رکھنے اور کیبن کریو کے عملے میں اضافہ کرنے کے لیے شروع کی گئی ہے۔

ایئر سیال کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق، ’واک اِن انٹرویوز‘ بدھ 17 دسمبر 2025 کو لاہور کے معروف ’آواری ہوٹل، مال روڈ‘ میں ہوں گے۔ یہ سلسلہ صبح 11:00 بجے سے شام 5:00 بجے تک جاری رہے گا۔ انتظامیہ نے تمام امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ انٹرویو میں پروفیشنل بزنس اٹیئر پہن کر آئیں تاکہ ان کی پیشہ ورانہ شخصیت کا بہتر تاثر قائم ہو سکے۔

ایئر سیال نے واضح کیا ہے کہ درخواست دہندگان صرف خواتین ہوں، جن کی عمر 18 سے 25 سال کے درمیان ہو اور کم از کم ’انٹرمیڈیٹ یا اے-لیول‘ کی تعلیم رکھتی ہوں۔ جسمانی معیار کے مطابق امیدوار کا قد کم از کم 5 فٹ 2 انچ ہونا ضروری ہے، جبکہ وزن بی ایم آئی کے معیار کے مطابق ہونا چاہیے۔ مزید یہ کہ امیدوار غیر شادی شدہ ہوں۔

ایئر سیال کے مطابق مثالی امیدوار وہ ہوں گی جن کی اردو اور انگریزی میں کمیونیکیشن اسکلز عمدہ ہوں، اعتماد اور خوش اخلاقی کے ساتھ پیشہ ورانہ شخصیت رکھتی ہوں اور مسافروں سے بہتر انداز میں ڈیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: معروف ایئر لائن اچانک بند : تمام پروازیں منسوخ

ایئر سیال نے یہ بھی بتایا کہ منتخب ہونے والی امیدواروں کو ابتدائی طور پر 100,000 روپے ماہانہ تنخواہ دی جائے گی، جب کہ اس کے علاوہ مختلف مراعات اور فوائد بھی فراہم کیے جائیں گے۔ منتخب عملے کا بنیادی اسٹیشن لاہور ہی ہوگا۔

انٹرویو کے لیے آنے والی امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ساتھ اصل CNIC، اس کی ایک فوٹو کاپی، ایک پاسپورٹ سائز تصویر، تازہ ترین سی وی، اور میٹرک و انٹرمیڈی، اے-لیول کے سرٹیفیکیٹس کی نقول لازمی طور پر لائیں۔

یہ بھی پڑھیں:متحدہ عرب امارات میں اڑنے والی ٹیکسی کی کامیاب پروازسے نئی تاریخ رقم

ایئر سیال کا کہنا ہے کہ یہ موقع نوجوان اور باصلاحیت خواتین کے لیے ہوابازی کے شعبے میں پیشہ ورانہ کیریئر بنانے کا ایک اہم اور سنہری موقع ثابت ہو سکتا ہے۔

Scroll to Top